ستمبر 4, 2024

تم نے کہنا ہے کہ وہ آخری سانس تک لڑتا رہا، حامد میر نے زرداری کے حوالے سے بڑا انکشاف کر دیا

سیاسیات-سینیئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کے دور صدارت کے حوالے سے ایک بڑے واقعےکا انکشاف کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی الیکشن پر خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے ٹی وی میزبان اور تجزیہ کار شہزاد اقبال کا کہنا تھا کہ  یہ جو کہتے ہیں کہ آصف زرداری سب پر بھاری، مگر  وہ  خود پیپلز  پارٹی پر  بھاری  پڑے ہیں خاص طور  پر پنجاب اور کے پی میں ، یہ ایک صوبے کی جماعت  بن کر رہ گئی ہے ۔

شہزاد اقبال کے مطابق  پیپلز پارٹی کی سیاست کبھی اسٹیبلشمنٹ کے رائٹ سائڈ پر اور کبھی لیفٹ سائڈ پر ہوتی ہے۔ انہوں نے اپنی سیاست میں 180 ڈگری  کے جتنے یو ٹرن لیے لوگوں کو سمجھ نہیں آرہا کہ ان کی پوزیشن کیا ہے؟

اس موقع پر حامد میر کا کہنا تھا کہ  یہ بات ٹھیک ہےکہ پیپلز پارٹی کبھی اسٹیبلشمنٹ کے کبھی ایک طرف ہوتی ہے کبھی دوسری طرف ہوتی ہے،کچھ ہماری ذاتی معلومات ہیں جو ابھی بھی لوگوں کے ساتھ شیئرکرنا بہت مشکل ہے، جب پیپلز پارٹی 18 ویں ترمیم   کر رہی تھی تو  پیپلز پارٹی کے جو اتحادی تھے وہ بھی 18 ویں ترمیم پر اس کا ساتھ نہیں دے رہے تھے، پیپلز پارٹی نے چھوٹے صوبوں کو اپنے ساتھ ملا کر ترمیم کی، بعد میں ایک سابق آرمی چیف نے کھلے عام یہ کہنا شروع کردیا کہ آپ نے جو 18 ویں ترمیم کی ہے یہ مجیب الرحمان کے 6 نکات سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔

حامد میرکے مطابق اس زمانے میں آصف زرداری سےکہا گیا کہ آپ صدر پاکستان ہیں 58-2B آپ کے پاس ہے، سار ا اختیار آپ کے پاس ہے تو کیوں دے رہے ہیں؟  آصف زرداری  نے کہا کہ یہ بینظیر بھٹو نے وعدہ کیا تھا۔

 ‘صدر پاکستان اسٹیل بنکر میں رائفل لیے بیٹھے تھے’

حامد میر کا کہنا تھا کہ یوسف رضاگیلانی کو سپریم کورٹ نے جو نا اہل کیا تھا کیا وہ کسی اصول کے تحت کیا تھا؟ اس میں نواز شریف اور عمران خان دونوں درخواست گزار تھے، اس کے پیچھے بھی اسٹیبلشمنٹ تھی، اس کے علاوہ میں آپ کو ایک ذاتی بات بھی بتا دوں ایک دن رات کو ایک بجے مجھے صدر صاحب(آصف زرداری)  نے فون کیا کہ آپ فٹافٹ ایوان صدر  آجائیں، سردیوں کے دن تھے میں چلا گیا، بیڈ روم میں گیا تو صدر پاکستان اسٹیل بنکر میں رائفل لیے بیٹھے تھے۔

 ‘خبر چلائیں گے کہ آصف زرداری نے اپنے آپ کو گولی ماردی’

حامد میر کے مطابق میں نے کہا کہ کیا ہوا تو انہوں نے کہا کہ تمہیں بتانا ہےکہ ‘یہ ابھی آئیں گے مجھے مار دیں گے، میڈیا پر خبر چلائیں گے کہ آصف زرداری نے اپنے آپ کوگولی ماردی’۔

‘تم نے کہنا ہے کہ وہ آخری سانس تک لڑتا رہا’

حامد میر کے بقول وہ مجھ سے بات کر رہے تھے اور رائفل پر ہاتھ تھا، ان کا مجھ سے کہنا تھا کہ ‘تم نے کہنا ہےکہ وہ آخری گولی تک لڑتے ہوئے مارا گیا’۔

حامد میر کے مطابق یہ و ہ دن ہے جب میڈیا میں خبریں دی جارہی تھیں کہ وہ ( آصف زرداری)  تین دن سے سوئے نہیں ہیں، ان کی زبان بند ہوگئی ہے، اس کے بعد ان کی زبان کھلوانےکے لیے آرمی چیف جنرل کیانی نے مداخلت کی اور  جہاز  میں ان کو ڈال کر دبئی بھجوایا گیا، سارا میڈیا کہہ رہا تھا کہ صدر پاکستان کی زبان بند ہوگئی، پھر انہوں ( آصف زرداری) نے مجھے فون کیاکہ بتاؤ کہ ‘میں نے تم سے فون پر بات کی ہے اور کوئی میری خبر ہی نہیں چلا رہا،کوئی میرا بیپر (Beeper) ہی نہیں لے رہا’، یہ حالات تھے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

fifteen − 7 =