سیاسیات- پاکستان کے دفتر خارجہ نے عالمی سطح پر بھارت کی جاسوسی اور ماورائے عدالت قتل کے خطرناک پھیلاؤ سمیت اس کی خفیہ کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں اس بات کو ایک بار پھر یاد کراتے ہوئے کہ پاکستان بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور تخریب کاری کا شکار رہا ہے، دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ بھارت کا جاسوسی اور ماورائے عدالت قتل کا نیٹ ورک عالمی سطح پر پھیل چکا ہے۔
انہوں نے فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے جس میں کہا گیا تھا کہ امریکی حکام نے سکھ علیحدگی پسند گروپتونت سنگھ پنن کے قتل کی سازش کو ناکام بنا دیا مزید کہا کہ ہم نے بھارت کے غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کی مذمت کی ہے اور ہمیں تشویش ہے جس کے بارے میں ہم سمجھتے ہیں کہ وہ عالمی قانون اور ریاستی خود مختاری کے اقوام متحدہ کے اصول کی واضح خلاف ورزی ہے۔ جو بائیڈن انتظامیہ نے قتل کی سازش سے متعلق بھارت کو اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے۔