سیاسیات- ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اگلے ماہ کے پہلے ہفتے میں پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے جہاں وہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کرینگے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبداہیان اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے، جس میں دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر مشاورت اور افغانستان میں سلامتی کی صورت حال پر خصوصی طور بات ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان 3 اگست کو پاکستان پہنچیں گے، ان کے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو سے باضابطہ مذاکرات ہوں گے، جس میں دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر مشاورت کی جائے گی، اور دونوں وزرائے خارجہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں دونوں ممالک کے لیے باعث تشویش ہیں، ایرانی وزیرخارجہ کے دورہ کے موقع پر افغانستان میں سلامتی کی صورت حال پر خصوصی طور بات ہوگی۔