سیاسیات-پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ اپنے قائد کو ظلم کے شکنجے اور ظالم کی قید سے رہائی دلوانے کیلئے بھرپور قانونی لڑائی لڑیں گے۔ پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تحریک انصاف کور کمیٹی نے کہا کہ طے شدہ منصوبے کے تحت جعلی ٹرائل کے ذریعے فیصلہ سنایا گیا اور پارٹی چیئرمین کو گرفتار کیا گیا۔ کور کمیٹی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی اپیل کو ترجیحی بنیادوں پر سماعت اور فیصلے کیلئے مقرر کیا جائے۔ کور کمیٹی نے عدالت عظمیٰ سے تحریک انصاف کی نظرثانی درخواست کی بلا تاخیر سماعت کی بھی اپیل کی۔ تحریک انصاف کور کمیٹی نے مزید کہا کہ ناقص فیصلے کو پوری قوم نے مسترد کیا ہے۔