سیاسیات- پاکستان نے ہفتے کو انڈین وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ایک حالیہ بیان کی شدید مذمت کی ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’انڈیا فرار ہو جانے والے دہشت گردوں کو پاکستان میں گھس کر مارے گا۔‘
انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعے کو نشریاتی ادارے سی این این نیوز 18 کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انڈیا کسی بھی ایسے شخص کو مارنے کے لیے پاکستان میں داخل ہو گا، جو ان کے ملک میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کی کوشش کر کے سرحد پار فرار ہو جائے گا۔
انڈین وزیر کے اس بیان پر اپنے ردعمل میں پاکستانی دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’انڈیا کی جانب سے پاکستان کے اندر مزید شہریوں، جنہیں وہ یکطرفہ طور پر ’دہشت گرد‘ قرار دیتا ہے، کو ماورائے عدالت قتل کرنے کی تیاری کا دعویٰ جرم کا واضح اعتراف ہے۔‘
بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ ’بین الاقوامی برادری کے لیے ضروری ہے کہ وہ انڈیا کے اس کے گھناؤنے اور غیر قانونی اقدامات پر محاسبہ کرے۔‘
مزید کہا گیا کہ: ’پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنے ارادے اور صلاحیت پر قائم ہے، جیسا کہ فروری 2019 میں انڈیا کی جانب سے کی گئی دراندازی کے بھرپور جواب سے ظاہر ہوتا ہے، جس نے انڈیا کے فوجی برتری کے کھوکھلے دعوؤں کو بے نقاب کردیا۔‘
دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ تاہم ’امن کی ہماری خواہش کو غلط نہ سمجھا جائے۔ تاریخ، پاکستان کے اپنے دفاع اور تحفظ کے پختہ عزم اور صلاحیت کی گواہ ہے۔‘