سیاسیات-لاہور کے علاقے گلبرگ میں پنجاب حکومت ’’سنٹرل بزنس ڈویلپمنٹ ڈسٹرکٹ‘‘ منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ یہ منصوبہ تیزی سے پایہ تکیمل کو پہنچ رہا ہے۔ اس حوالے سے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی بھی قائم کی گئی ہے، جو گلبرگ میں کلمہ چوک کے قریب یہ منصوبہ تعمیر کر رہی ہے۔ انتہائی باوثوق ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکی سفارتخانے نے سی بی ڈی سے 110 کنال اراضی مانگ لی ہے۔ جس کے بعد سی بی ڈی حکام نے امریکی ڈپٹی مشن پاکستان کو ایک ارب روپے فی کنال اراضی فروخت کرنے کی پیشکش کر دی ہے۔
چند روز قبل امریکن ڈپٹی چیف آف مشن سی بی ڈی کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سی ای او، سی بی ڈی عمران امین نے امریکی وفد کو باب پاکستان کی 110 کنال جگہ دکھائی۔ امریکی حکام نے باب پاکستان کی 110 کنال مکمل جگہ خریدنے پر ابتدائی آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکی حکام اراضی خریدنے کے بعد سی بی ڈی میں براہ راست چار کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ سی بی ڈی حکام کے مطابق امریکی حکام اراضی کیلئے نہایت سنجیدگی سے بات چیت کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اراضی بیچنے کیلئے سی بی ڈی کو وزارت داخلہ کا این او سی درکار ہوگا، جس کیلئے امریکی حکام نے سی بی ڈی کو یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ این او سی حاصل کرلیں گے۔