اکتوبر 20, 2024

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاری مکمل کر لی

سیاسیات- الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے کہا ہے کہ ضروری الیکشن مٹیریل اور بیلٹ پیپر کے لیے پیپر کی خریداری مکمل کرلی ہے جس کی بحفاظت اسٹوریج کو یقینی بنایا گیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کا اجلاس سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے آئندہ جنرل الیکشن کی تیاریوں سے متعلق الیکشن کمیشن کےاب تک کے اقدامات اور انتظامات پر الیکشن کمیشن کو بریف کیا۔

الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ کمیشن نے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے درج ذیل انتظامات مکمل کرلیے ہیں:

ضروری الیکشن مٹیریل اور بیلٹ پیپر کیلئے پیپر کی خریداری مکمل کرلی ہے۔جس کی بحفاظت سٹور یج کو یقینی بنایا گیا ہے۔

اسی طرح ڈرافٹ لِسٹ آف پولنگ سٹیشن بھی تیار کرلی گئی ہے۔ جوکہ ریٹرننگ آفیسروں کے نوٹیفکیشن کے فوراَ بعد ان کے حوالے کی جائے گی تاکہ وہ اُسکی ابتدائی اشاعت کریں۔ اور ووٹروں کے اعتراضات اور تجاویز کی سماعت کے بعد قانون کےمطابق اُسکی حتمی اشاعت یقینی بنائیں۔

قانون کے مطابق ووٹروں کے اندراج ، اخراج اور درستگی کی آخری تاریخ 13-07-2023ہے۔ جس کیلئے الیکشن کمیشن نے عوامی آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔ انتخابی فہرستوں کی طباعت وترسیل کیلئے الیکشن کمیشن نادرا سمیت تمام اداروں سے رابطے میں ہے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسروں ، ریٹرننگ آفیسروں اور اسٹنٹ ریٹرننگ آفیسروں کا نوٹیفکیشن بروقت کردیا جائےگا۔

پولنگ سٹاف کی تعیناتی کیلئے ڈیٹا بنک قائم کردیا گیا ہے۔ تاکہ اُنکی تعیناتی اور ٹریننگ کو الیکشن شیڈول کو سامنے رکھتے ہوئے مکمل کیا جائے۔

الیکشن کمیشن اِس وقت تمام صوبائی حکومتوں اور مرکزی حکومت ودیگر متعلقہ اداروں سے مکمل کوارڈینشن میں ہے ۔ تاکہ آئندہ جنرل الیکشنز کے بروقت انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

الیکشن کمیشن نے آئندہ جنرل الیکشن کے انعقاد سے متعلق اب تک کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ آئندہ انتخابات کے تمام انتظامات کی بروقت اور شیڈول کے مطابق تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

1 + 3 =