سیاسیات- الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے احکامات پر من وعن عمل درآمد کا فیصلہ کرلیا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اہم ہنگامی اجلاس ہوا جس میں ممبران و سیکریٹری الیکشن کمیشن نے شرکت کی، الیکشن کمیشن کے لاء ونگ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے احکامات پر من وعن عمل درآمد کا فیصلہ کرلیا۔ الیکشن کمیشن کل ہی صدرمملکت اور گورنر کے پی کو مشاورت کیلئے خط لکھے گا۔
ممکنہ طور پر دونوں صوبوں میں انتخابات کی تاریخ عید الفطر کے بعد ہوگی۔ انتخابی شیڈول 54 دن پر محیط ہوگا۔ اداروں کے عدم تعاون پر آرٹیکل 220 کا سہارا لیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے دونوں صوبوں میں عام انتخابات کیلئے متعلقہ ونگز کو تیاریاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے انتخابات از خود نوٹس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 90 روز میں الیکشن کروانے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے صدر مملکت کو الیکشن کمیشن سے مشاورت کرکے پنجاب جبکہ کے پی میں گورنر کو الیکشن کمیشن سے مشاورت کرکے الیکشن کی تاریخ دینے کا حکم دیا۔
سپریم کورٹ نے صدر کا 20 فروری کا حکم پنجاب کی حد تک درست جبکہ کے پی اسمبلی کے لیے کالعدم قرار دیا۔