اکتوبر 7, 2024

افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی ہورہی ہے لہٰذا افغان حکومت سے کارروائی کا کہا جائے۔ فضل الرحمن

سیاسیات-پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) و جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی ہورہی ہے لہٰذا افغان حکومت سے کارروائی کا کہا جائے۔

پشاور میں جے یوآئی کے تحت مقامی ہوٹل میں گرینڈ قبائلی جرگہ ہوا جس میں پشتون بیلٹ کے سیاسی اور قبائلی عمائدین شریک ہوئے۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق، پی پی پی کے جنرل سیکرٹری نئیر بخاری، فیصل کریم کنڈی، عوامی نیشنل پارٹی کے غلام احمد بلور اور میاں افتخار حسین شریک تھے۔

پشاور میں قبائلی جرگے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ قبائلی جرگے نے باجوڑ دھماکے میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔

انہوں نے کہا کہ جرگے نے مختلف اضلاع میں دہشتگردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور ان واقعات کو ریاست پاکستان کے خلاف خدشہ قرار دیا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ جرگے میں پاک افغان تعلقات مؤثر بنانے کی ضرورت اور قبائلی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے وعدے پورے کرنے پر زور دیا اور مطالبہ کیا کہ قبائلی علاقوں کے لیے اعلان کردہ فنڈز فوری جاری کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ جرگہ نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز پیش کی اور امید ظاہر کی کہ سیاسی جماعتیں اتحاد کا مظاہرہ جاری رکھیں گی۔

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھاکہ تجویز دی گئی کہ کمیٹی قائم کی جائے جو صوبے اور مرکز سے رابطہ کرے، پاکستان افغانستان میں دہشتگردی کی روک تھام کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے، ڈالروں کے بدلے پاکستان میں امن کو سبوتاژ کرنا بین الاقوامی ایجنڈا ہے، باہر کی قوتوں نے سازش کی، اپنے لوگ بھی شامل ہوئے، ہماری کوششوں کو سبوتاژ کیا گیا لیکن یہ جنگ چلتی رہے گی۔

ان کا کہنا تھاکہ پاکستان اور افغانستان میں استحکام دونوں ممالک کی ضرورت ہے، افغان حکومت سے کہا جائے کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے ان عناصر کے خلاف کارروائی کرے جو پاکستان میں دہشت گردی کے ذمہ دار ہیں۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

three × 3 =