سیاسیات-وزیر مملکت برائے پیٹرولیم سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ 9 مئی واقعات کے گرفتار شدگان کے حق میں اسرائیل کا بیان حقائق بتا رہا ہے۔ نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد اور مصدق ملک نے اظہار خیال کیا۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث گرفتار شدگان تحقیقاتی اداروں کے سامنے بلبل کی طرح بول رہے ہیں اور بتا رہے ہیں کہ 9 مئی کے ہنگاموں کا حکم کس نے دیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان گرفتار افراد کے حق میں اسرائیل کا بیان صاف بتارہا ہے کہ ان لوگوں کے پیچھے کون ہے۔ مصدق ملک کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کو پکڑا گیا تو اسرائیل نے کہا کہ حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیل ان کے حق میں کھڑا ہوا جنہوں نے 9 مئی کو کوئی ادارہ، عمارت نہیں چھوڑی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ اسرائیل کا بیان کیوں آیا؟ اس کا جواب ان کو دینا ہے جن کے حق میں بیان آیا، 9 مئی کی مذمت اپنی جگہ جو جرم ہوئے انویسٹی گیشن تو ہونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھرپور تنقید ہو لیکن اس تنقید کا نتیجہ ناامیدی نہ ہو، بجٹ میں زراعت کی ترقی کی چیزیں نظر آئیں گی، زراعت میں قرض کے لیے فنڈز میں اضافہ کیا گیا ہے۔ مصدق ملک نے کہا کہ ادھار کے ساتھ 40 سے 50 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی بات بھی ہورہی ہے، سعودی عرب نے مختلف سیکٹرز کےلیے 24 ارب ڈالر فنڈ بنانے کا عندیہ دیا ہے۔