سیاسیات- ایف آئی اے نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل میں ملازمت کرنے والے 8 پاکستانیوں کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے 5 کو گرفتار کرلیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے میرپور خاص کرائم سرکل کے عملے نے ایک بڑی کارروائی کی جس میں مختلف ممالک سے ہوتے ہوئے اسرائیل پہنچنے اور پھر وہاں ملازمت کرنے والے 5 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق اس سلسلے میں 8 ملزمان کے خلاف 5 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، ملزمان تل ابیب میں بطور ہیلپر اور کار واشر ملازمت سرانجام دیتے رہے، ملزمان 4 سے 7 سال تک تل ابیب میں مقیم رہے، انہوں نے اسرائیلی ایجنٹ کے ذریعے انٹری حاصل کی اور ایجنٹ کو فی کس 3 سے 4 لاکھ روپے ادا کیے۔
ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان نعمان صدیقی، کامل انور، کامران صدیقی، محمد ذیشان اور محمد انور شامل ہیں جب کہ ان کا تعلق میرپورخاص سے ہے۔
ایف آئی اے کا بتانا ہےکہ ملزمان یورپی ویزے پر جارڈن ائیرپورٹ سے اسرائیل میں داخل ہوتے تھے، ملزمان ویسٹرن یونین سے پاکستان میں اہل خانہ کو پیسے بھیجتے رہے، ملزمان ترکیہ، کینیا اور سری لنکا کے راستے سے بھی جارڈن ائیرپورٹ سے اسرائیل داخل ہوتے رہے، ملزمان وطن واپسی کے لیےدبئی کے راستے جارڈن ائیرپورٹ سے کراچی آتے تھے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ ملزمان کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ اور امیگریشن آرڈیننس کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے۔