ستمبر 15, 2024

آصف زرداری نے صدر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

سیاسیات- پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے دوسری مرتبہ صدر پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے آصف زرداری سے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب میں چاروں صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ موجود تھے، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔

تقریب میں سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، قائد مسلم لیگ ن نواز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، بلاول بھٹو، بختاور بھٹو، آصفہ بھٹو زرداری شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

گزشتہ روز، ملک کے 14 ویں صدر کے انتخاب کے لیے قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہوئی۔ قومی اسمبلی میں پریزائیڈنگ افسر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق رہے، صدارتی الیکشن میں سینیٹر شیری رحمان آصف علی زرداری کی پولنگ ایجنٹ رہیں جبکہ سینیٹر شفیق ترین محمود خان اچکزئی کے پولنگ ایجنٹ مقرر کیے گئے تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوئے۔ نتائج کے مطابق حکومتی اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری نے 411 الیکٹورل ووٹ حاصل کر کے انتخاب جیت لیا جبکہ سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے 181 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔

آرمی چیف مرکز نگاہ

ایوان صدر کی تقریب میں امریکہ برطانیہ فرانس جرمنی سعودی عرب یو اے ای سمیت 70 سے زاہد سفیروں نے شرکت کی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر تقریب  کے مرکز نگاہ رہے۔

آرمی چیف سید عاصم منیر کی آمد پر حاضرین کی جانب سے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے گئے ۔ آرمی چیف نے آصفہ بھٹو اور بختاور بھٹو کے سر پر شفقت سے ہاتھ رکھا، آرمی چیف سب سے آگے کی صف میں بیٹھے تمام شرکاء سے ملے اور مصافحہ کیا۔

نواز شریف فرنٹ رو میں ایک سائیڈ پربیٹھے تھے، آرمی چیف اٹھ کر نواز شریف کی نشست پر گئے اور ان سے مصافحہ کیا۔ ڈی جی آئی ایس آئی ندیم انجم کی بھی حلف برداری کی تقریب میں نواز شریف سے ملاقات کی۔ ڈی جی آئی ایس آئی نے نواز شریف سے مصافحہ کیا اور گلے ملے۔

آرمی چیف کی بلاول بھٹو سے بھی ایوان صدر میں ملاقات  ہوئی،  آرمی چیف اور بلاول بھٹو کافی دیر تک محو گفتگو رہے۔ آصف علی زرداری کے نواسے بھی تقریب میں توجہ کا مرکز بنے رہے،  سابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے نواز شریف سے ان کی نشست پر جا کر مصافحہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

4 × one =