اکتوبر 7, 2024

آرمی چیف سے سعودی ہم منصب کی اہم ملاقات

سیاسیات- آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ایچ ای جنرل فیاض بن حمید الرویلی، چیف آف جنرل اسٹاف سعودی عرب نے اعلیٰ اختیاراتی فوجی وفد کے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں، دفاع اور سلامتی کے امور سمیت دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا.

قبل ازیں وفد نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز میں جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون اور تربیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسی طرح سعودی آرمی چیف نے صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت، معیشت اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بہتر بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی شرکت کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، دونوں برادر ممالک مختلف شعبوں میں بہترین تعلقات کے حامل ہیں اور مختلف علاقائی اور بین الاقوامی امور پر یکساں خیالات رکھتے ہیں۔

صدر مملکت نے باہمی فائدے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ اقتصادی اور مالیاتی تعلقات کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے کوشاں ہے کیونکہ ملک میں زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

عارف علوی نے کہا کہ پاکستان نے فیصلہ سازی کو تیز کرنے اور چار اہم شعبوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) تشکیل دی ہے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

14 + eighteen =