جولائی 27, 2024

27 ہزار سے زائد فلسطینیوں کے قتل عام میں ملوث اسرائیلی فوج ایک اور خطرناک آپریشن کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ رپورٹ

سیاسیات- انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار اینڈ کریٹیکل تھریٹس پروجیکٹ کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ 27 ہزار سے زائد فلسطینیوں کے قتل عام میں ملوث اسرائیلی فوج رفح آپریشن کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق رفح آپریشن کے لیے اسرائیل اور مصر کے انٹیلی جنس حکام نے قاہرہ میں ملاقات بھی کی۔

انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار اینڈ کریٹیکل تھریٹس پروجیکٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتوں میں لاکھوں فلسطینیوں نے غزہ میں اسرائیلی بمباری کے باعث رفح بارڈر کی طرف ہجرت کی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ وہ آپریشن کے دوران شہری آبادی کا انخلا کس طرح کرے گا، اسرائیلی آپریشن سے جزیرہ نما سینائی میں فلسطینی پناہ گزینوں کی ہجرت بڑھ سکتی ہے۔

چند روز قبل بھی وار اینڈ کریٹیکل تھریٹس پروجیکٹ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شمالی غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے نئے حملے مغربی میڈیا کی مبالغہ آرائی ہے، فلسطینی مسلح گروپ غزہ میں اپنی فوج کی تعمیر نو کے ابتدائی مراحل میں ہیں جبکہ خان یونس میں فلسطینی مزاحمت کاروں کا اسرائیلی افواج کے خلاف دفاع جاری ہے اور فلسطینی مزاحمت کار دھماکا خیز آلات سے اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک 27 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 65 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، اقوام متحدہ کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث غزہ ناقابل رہائش ہو چکا ہے اور غزہ کی 80 فیصد سے زائد آبادی نقل مکانی کر چکی ہے

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

four × two =