سیاسیات- کربلا معلیٰ کی صوبائی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ اس سال عاشورائے حسینی پر عراق اور دیگر ممالک سے تقریباََ 6 ملین زائرین نے شرکت کی۔ اس صوبائی کونسل کے میڈیا یونٹ نے مزید بتایا کہ اس سال عاشوراء کی تقریبات اور طویریج (عراقیوں کی جانب سے 10 محرم کو کی جانے والی روایتی عزاداری) میں تقریباََ ساٹھ لاکھ افراد شریک ہوئے۔ قبل ازیں کربلا کے صوبائی سکیورٹی، ہیلتھ اور سروسز کے اداروں نے کامیابی کے ساتھ عاشوراء کی تقریبات اور عزاداری طویریج کے انعقاد کی خبر دی۔ عراق کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن ذرائع نے اعلان کیا کہ کربلا میں عاشوراء کی تقریبات کی کوریج کے لئے 725 صحافی اور 84 چینلز موجود تھے۔ عراق کی وزارت بجلی نے اعلان کیا کہ کربلا میں عاشورہ کے روز ایک منٹ کے لئے بھی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوئی۔ نجف اشرف کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ نے بتایا کہ انہوں نے یکم محرم الحرام سے 9 محرم تک 71 ہزار سے زائد زائرین کی میزبانی انجام دی۔ اسی طرح عراق کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا کہ ماہ محرم میں عاشوراء کی زیارت کے موقع پر سکیورٹی پلان بالخصوص نجف اشرف میں محرم کے پہلے عشرے میں سکیورٹی اور ہیلتھ کے تمام منصوبے کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچے۔