جولائی 24, 2024

کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جانا چاہیے۔ مشعال ملک

سیاسیات- نگراں مشیر برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو بھی دیگر اقوام کی طرح اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو جمہوریت، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی مرضی کا احترام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب بھارت اپنے ہی ایجنڈے اور جارحانہ پالیسیوں کا شکار ہو جائے گا۔ مشعال ملک نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان اور مہذب دنیا کو مسئلہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور یہ جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری خطے میں مسئلہ کشمیر کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے اور معصوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے بھی آگاہ ہے لیکن بدقسمتی سے دنیا بھارت کو مقبوضہ وادی میں اپنی جارحیت روکنے پر مجبور کرنے سے ہچکچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری حریت قیادت نظر بند ہے اور وادی کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو ٹھوس اقدامات کرنے اور بھارت کو وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو جلد یا بدیر ان کا بنیادی حق خود ارادیت مل جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں مشعال حسین ملک نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بارے میں اپنے موقف پر ڈٹا رہے گا اور تمام عالمی فورمز پر کشمیر کاز کی حمایت جاری رکھے گا۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

14 − 8 =