جولائی 27, 2024

مسلمان اسلامی اصولوں پر عمل پیرا ہو کر اپنی عزت رفتہ بحال کر سکتے ہیں۔ انصار اللہ

سیاسیات-یمن میں اسلامی مزاحمتی تحریک انصاراللہ یمن کے سربراہ سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے طاغوت اور استکبار کا مصداق ہونے کے ناطے امریکہ اور صیہونی لابی کے خلاف جدوجہد پر زور دیا ہے۔ انہوں نے اسلامی کیلنڈر کا پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ہجرت سے تعلق کو امت مسلمہ کیلئے بہترین محرک قرار دیا اور کہا: “امت مسلمہ کی جانب سے اسلام کا بول بالا کرنے پر مبنی اپنی ذمہ داری ادا کرنے کا نتیجہ اس کی گذشتہ شان و شوکت اور عزت واپس مل جانے کی صورت میں ظاہر ہو گا اور یوں امت مسلمہ انسانی معاشرے کو نجات دینے میں اپنا کردار اچھے طریقے سے ادا کر پائے گی۔” انصاراللہ یمن کے سربراہ نے دنیا میں اخلاقی بحرانوں کو طاغوت کے پرچم تلے شیطانی جنگ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا: “امریکہ، اسرائیل، صیہونی لابی اور ان کے اتحادی استکبار اور طاغوت کے علمبردار ہیں جو انسانی معاشرے کو الہی تعلیمات سے دور کرنے کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔”

سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے مسلمانوں کی جانب سے طاغوت کے خلاف جدوجہد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: “مسلمانوں پر اپنی مقدس ذمہ داری کے ناطے طاغوت اور اس کے شر کا مقابلہ کرنا واجب ہے تاکہ خود کو اور اپنی قوموں کو نجات دے سکیں اور انسانی معاشرے کی نجات میں بھی کردار ادا کر سکیں۔” انصاراللہ یمن کے سربراہ نے وقت کے طاغوت کے طور پر امریکہ اور صیہونی رژیم کے بے شمار مجرمانہ اقدامات اور فساد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: “اگر امت مسلمہ عظیم اسلام اور اس کے اصولوں اور اقدار پر بھروسہ کرتے ہوئے اٹھ کھڑی ہو تو طاغوت اسی قدر نابود اور ختم ہو سکتا ہے۔” انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یمنی قوم پیغمبر اکرم ص کی پیروی کرنے میں مصروف ہے، کہا: “ہماری قوم طاغوت اور استکبار کی ہر قسم کی پیروی سے مکمل آزادی نیز جارح اتحاد سے مقابلے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔” انہوں نے کہا: “ہماری قوم اندرونی سطح پر اتحاد برقرار رکھنے کیلئے ضروری اقدامات اور اپنی دفاعی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی مسلسل کوشش جاری رکھے گی۔”

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

14 + 20 =