دسمبر 14, 2024

فلسطینیوں کی ہولناک نسل کشی: عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقہ کے دلائل مکمل

سیاسیات- عالمی عدالت انصاف سے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

عالمی عدالت انصاف میں غزہ اور رفح میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف درخواست پر جنوبی افریقہ کے وکلا نے اپنے دلائل مکمل کرلیے۔ جنوبی افریقہ نے درخواست میں کہا ہے کہ اسرائیل کی نسل کشی اب رفح میں اپنے ہولناک مرحلے پر پہنچ گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سماعت میں جنوبی افریقہ کے سفیر ووسیموزی میڈونسیلا نے اسرائیل پر عالمی عدالت انصاف کے سابقہ احکامات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ہدایات کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ عدالتی سماعت میں واضح احکامات کے باوجود اسرائیل نے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری رکھی ہوئی ہے اور غزہ کے جنوبی شہر رفح میں یہ ہولناک مرحلے پر پہنچ گئی۔

جنوبی افریقہ کے نیدر لینڈ میں سفیر نے اپنے دلائل میں مزید کہا کہ اسرائیل نے غزہ کو صفحہ ہستی سے مٹادیا اور جب فپسطینیوں نے رفح میں پناہ لی تو اب وہاں بھی کارروائیاں کر رہا ہے۔ عالمی عدالت کو اسرائیل کی نسل کشی روکنے کے لیے بہت کچھ کرنا ہوگا۔

انھوں نے مزید کہا کہ عالمی عدالت انصاف نے گزشتہ سماعت میں اسرائیل کو نسل کشی کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات پر عمل درآمد کا حکم دیا تھا لیکن اسرائیل نے جان بوجھ کر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی۔

فلسطینیوں کی بقا عالمی عدالت انصاف پر منحصر ہے

جنوبی افریقہ کی وکیل بلینی نیگھرالیگ نے عالمی عدالت انصاف سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ فلسطینیوں کے پاس آخری موقع ہے، لہذا عدالت اپنے پرانے احکامات پر عملدرآمد کرواتے ہوئے نیا حکم بھی جاری کرے‘۔

جنوبی افریقہ کے سفیر نے مطالبہ کیا کہ عالمی عدالت اپنے احکامات پر اسرائیل سے عمل درآمد کراتے ہوئے فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر قدم اُٹھائے۔

اسی طرح عالمی عدالت میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرنے والے ماہر قانون پروفیسر وان لو نے بھی کہا کہ رفح میں اسرائیل کی کاروائیاں خوفناک ہیں اور پناہ گزینوں کے لیے رفح کو بھی غزہ کی طرح کھنڈر بنایا جا رہا ہے۔

جنوبی افریقہ نے سابق نو آبادیاتی طاقتوں کو ‘نسل کشی کے انکار’ سے خبردار کیا

جنوبی افریقہ کے سفیر میڈونسیلا نے اپنے دلائل کے آخری حصے میں سابق استعماری قوتوں کی جانب سے کی جانے والی نسل کشی کو فلسطینوں کی نسل کشی سے جوڑتے ہوئے خبردار کیا کہ اسرائیل نے تاحال بربریت جاری رکھی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں مکمل استثنیٰ کے ساتھ کام کر رہا ہے، تباہی کی آخری لہر کو بڑھا رہا ہے جس سے کوئی واپسی نہیں ہے کیونکہ اسرائیل اپنے جرائم سے انکار کررہا ہے جبکہ نیتن یاہو کو بھولنے کی بیماری بھی ہے جو اُس کی شکل سے واضح ہوتی ہے۔ (یہاں انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم کی بے حسی کی طرف اشارہ دیا)۔

جنوبی افریقہ کے سفیر نے مزید کہا کہ  فلسطین میں بڑے پیمانے پر نسل کشی کے باوجود بھی  وہ (اسرائیلی وزیراعظم) اس کے انکاری ہیں۔

عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقہ کے وکلا اور سفیر نے اپنے دلائل مکمل کرلیے جس کے بعد سماعت ختم ہوگئی اور اب اسرائیل کی جانب سے کل دلائل دیے جائیں گے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

20 − ten =