اکتوبر 7, 2024

 غزہ میں اسرائیلی بمباری کے درمیان بغداد میں امریکی سفارتخانے پر راکٹ حملہ

سیاسیات-عراق میں امریکی مشن نے کہا ہے کہ جمعے کو بغداد کے سخت سیکیورٹی والے گرین زون میں امریکی سفارت خانے پر راکٹ حملہ کیا گیا، یہ حماس کے 7 اکتوبر کے حملے کے بعد سے غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری کے درمیان اس طرح کے حملوں کی تازہ ترین لہر ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق امریکی حکام کا کہنا تھا کہ بغداد سفارتخانے کے کمپلیکس اور یونین تھری کے نزدیک امریکہ اور اتحادی افواج پر راکٹ حملہ کیا گیا جس میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

اس حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی گروپ نے قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔

امریکہ، عراق اور ہمسایہ ملک شام میں جنگجوؤں سے لڑنے والے اتحاد کی قیادت کرتا ہے اور ان کی فورسز پر حالیہ ہفتوں میں ایک کے بعد ایک حملے ہوئے ہیں۔

یہ حملے بظاہر غزہ پٹی میں امریکہ کے اتحادی اسرائیل اور فلسطینی گروپ حماس کے درمیان دو ماہ سے جاری جنگ کے پس منظر میں ہوئے۔

ایک بیان میں امریکی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ صبح 4 بج کر 15 منٹ پر مشن کمپاؤنڈ میں دو راکٹ حملے کیے گئے۔

امریکی ترجمان نے بتایا کہ یہ اشارہ ملتا ہے کہ حملے ایران سے منسلک جنگجوؤں نے کیے، انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر عراق کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سفارتی اور اتحادی پارٹنر اہلکاروں اور سہولیات کے تحفظ کے لیے اپنی طاقت کے مطابق ہر ممکن کوشش کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اپنے دفاع اور دنیا میں کہیں بھی اپنے افسران کی حفاظت کا حق رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ اکتوبر کے وسط سے عراق اور شام میں موجود امریکی اور اتحادی فورسز پر ایران کے حمایتی گروہ کی جانب سے درجنوں راکٹ اور ڈرون حملے کیے جاچکے ہیں۔

تاہم جمعے کو ہونے والا حملہ 7 اکتوبر کو شروع ہونے والے تنازع کے بعد بغداد میں امریکی سفارت خانے میں ہونے والا پہلا راکٹ حملہ ہے، جس سے علاقائی کشیدگی اور وسیع تر تصادم کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

ایک عراقی سیکیورٹی افسر کا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہنا تھا کہ امریکی سفارتخانے کو نشانہ بنانے والے 3 کتیوشا راکٹ دریائے دجلہ کے قریب گرین زون کے نزد گرے۔

عراق میں تقریباً 2 ہزار 500 اور شام میں 900 کے قریب امریکی فوجی اہلکار موجود ہیں۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

3 × three =