جولائی 27, 2024

عالم اسلام کے عظیم ہیرو ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور انکے ساتھیوں کی شہادت عالم اسلام کے لئے بڑا دھچکا ہے۔ علامہ عارف واحدی

سیاسیات- شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدرعلامہ عارف حسین واحدی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر عالم اسلام کے عظیم ہیرو انتھک مجاہد آیت اللہ ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور انکے مخلص و باوفا ساتھیوں کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے رہبر معظم انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای، ایرانی غیور ملت اور سوگوار خانوادوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس کٹھن دور میں جب سید ابراہیم رئیسی جیسے نڈر لیڈر کی شدید ضرورت تھی اس موقعے پہ انکی شہادت نہ صرف ایرانی قوم بلکہ فلسطین، غزہ و رفح سمیت دنیا بھر کے مظلوموں کے لئے بہت بڑا صدمہ ہے لیکن عظیم قومیں وہی ہوتی ہیں جو ان مشکل مراحل کو بخوبی طے کرتی ہیں ان شاء اللہ ایرانی قوم بھی رہبر معظم انقلاب کی قیادت میں اس مشکل سے نکلے گی۔ مزاحمتی تحریکیں مزید مضبوط اور سامراج نابودی کی طرف جائے گا۔

علامہ عارف واحدی کا پاک ایران دوستی کے حوالے سے کہنا تھا کہ شہید سید ابراہیم رئیسی کے مشکل حالات میں دورہ پاکستان نے محبت و اخوت، بھائی چارگی و ہمسائیگی کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا سید ابراہیم رئیسی کی ان انتھک کاوشوں کے باعث پاک ایران دوستی مزید مضبوط ہوگی۔

مرکزی نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ شہید ایرانی صدر کی اسلامو فوبیا کے لئے کی گئی کاوشیں انتہائی قابل قدر ہیں اقوام متحدہ میں قرآن کریم اور اسلامی کاز کا انتہائی جرات و بہادری سے دفاع کیا اور اتحاد و وحدت کی مضبوط بنیادیں رکھیں انکی کوششوں و کاوشوں کی بدولت امت اسلامیہ مزید مضبوط ہوگی۔

علامہ واحدی نے شہید رئیسی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے اپنے دور حکومت میں اس وقت اسرائیل کو دندان شکن جواب دیا جب مسلم ممالک غاصب صیہونی ریاست کے سامنے سر اٹھانے کی جرات نہیں کر رہے تھے سید ابراہیم رئیسی نے شجاعانہ اقدامات کرتے ہوئے غاصب اور بزدل حکومت کے منہ پر طمانچہ رسید کیا۔

تعزیت نامہ کا مکمل متن اس طرح ہے:

انا للہ و انا الیہ راجعون

مِنَ الْمُؤْمِنِینَ رِجالٌ صَدَقُوا ما عاهَدُوا اللّهَ عَلَیْهِ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضى نَحْبَهُ وَ مِنْهُمْ مَنْ یَنْتَظِرُ وَ ما بَدَّلُوا تَبْدِیلاً۔

آج عالم اسلام کے عظیم ہیرو، محافظ اسلام و قرآن امت اسلامیہ کو اپنے بابرکت وجود سے محروم کر گئے دنیائے علم و ادب و سیاست کا عظیم شاہکار اس جہان فانی سے رخصت ہوا۔

ایرانی صدر کا دار بقا کی طرف کوچ کر جانا ایک ناقابل برداشت غم ہے کہ جس میں پورا پاکستان و ایران سمیت پورا عالم اسلام سوگوار ہے.

ہم صدر مرحوم اور انکے ساتھیوں کے اھل خانہ، ایرانی عوام، رہبر معظم انقلاب، مراجع عظام خصوصا حضرت ولی عصر عج کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہیں اور انکی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعاگو ہیں ۔

عارف حسین واحدی

11 ذی القعدہ 1445ه ق

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

eleven + 2 =