جنوری 23, 2025

سعودی وفد رواں ہفتے مقبوضہ مغربی کنارے کا دورہ کرے گا۔ فلسطینی ذرائع

سیاسیات-فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کا وفد رواں ہفتے مقبوضہ مغربی کنارے کے دورے کے ساتھ فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کرے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ مہینے مقبوضہ فلسطین کیلئے مقرر کیے گئے سعودی عرب کے خصوصی نمائندے کی سربراہی میں وفد فلسطین کے مغربی کنارے کا دورہ کرے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ دورہ اسرائیل  اور سعودی عرب کے درمیان معاہدے کی سفارتی کوششوں کیلئے ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب اور اسرائیل کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے تعلقات میں بہتری کے حوالے سے بیانات کے بعد اسرائیلی وزیرخارجہ ایلی کوہن نے انکشاف کیا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کیے جانے کے ساتھ ہی چھ سے سات مسلم ممالک بھی اسرائیل کو تسلیم کرلیں گے۔

اپنے ایک انٹرویو میں اسرائیلی وزیرخارجہ نے زور دیا کہ سعودی عرب کے بعد اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے والے چھ یا سات ممالک کا تعلق ایشیا اور افریقا سے ہوگا۔

ایلی کوہن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی یہ بات انتہائی اہم ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ امن کا مطلب مسلم دنیا اور یہودیوں کے درمیان امن ہے۔

اس سے قبل بحرین میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ ہم اسرائیل کے ساتھ معمول کے مکمل تعلقات استوار کرنے کیلئے ہمیشہ سے تیار رہے ہیں، خطے میں اسرائیل کو مقام ملنے اور پائیداری کیلئے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت ہے۔

سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلیوں اور فلسطینیوں کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانے پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے، ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام ہی سے خطے میں حقیقی امن قائم ہوگا۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

17 − fifteen =