ستمبر 4, 2024

رکاوٹ دور، حماس نے 13 اسرائیلیوں سمیت 20 افراد کو رہا کردیا

سیاسیات- رہائی پانے والے افراد کو ہلال احمر کی مدد سے مصر روانہ کردیا گیا۔ یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق رکاوٹ کا خاتمہ قطر اور مصر کی کوششوں سے ممکن ہوا۔

حماس کی جانب سے 20 یرغمالیوں کی رہائی کے بدلے اسرائیل نے جنگ بندی ڈیل کے تحت 39 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا۔

قطری ترجمان کےمطابق رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں میں 33 بچے اور 6 خواتین شامل ہیں۔

حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی کے ثالث قطر کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی رہائی کی راہ میں حائل رکاوٹیں قطر اور مصر کے دونوں فریقوں کے ساتھ رابطوں کے ذریعے دور ہو ئی ہیں جبکہ حماس نے بھی رکاوٹیں دور ہو جانے سے متعلق تصدیق کر دی۔

حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے “معاہدے کی تمام شرائط کو برقرار رکھنے” کے وعدے کے بعد یرغمالیوں کو رہا کیا جا رہا ہے۔

اس سے پہلے حماس نے یرغمالیوں کی رہائی روک دی تھی اور کہا تھا کہ اسرائیلی فوج نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ میں ایک سے زائد مقامات پر فائرنگ کی ہے اور دو فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔

حماس کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت اسرائیل کو شمالی غزہ میں امدادی ٹرکوں کو رسائی دینی ہوگی اور رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں میں سینیئر قیدیوں کو بھی شامل کرنا ہوگا۔

جواب میں اسرائیل نے حماس کو دھمکی تھی کہ نصف شب تک یرغمالیوں کو رہا کیا جائے، ورنہ حماس حملوں کیلئے تیار ہو جائے۔ اسرائیلی حکام نے شرائط کی کسی بھی خلاف ورزی کی تردید کی تھی۔

یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی کے وحشت ناک زمینی اور فضائی حملوں میں اب تک 14 ہزار 854 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، شہدا میں 6 ہزار 150 بچے اور 4 ہزار سے زائد خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 75 فیصد سے زائد بچوں اور خواتین سمیت زخمیوں کی تعداد 36 ہزار سے متجاوز ہو چکی ہے۔

غزہ پر اسرائیلی کے حملوں کے دوران 7 اکتوبر سے اب تک بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت لاپتا افراد کی تعداد بھی 6 ہزار 800 سے متجاوز ہو چکی ہے۔

ادھر مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے میں 52 بچوں سمیت شہید فلسطینیوں کی تعداد 229 سے متجاوز جبکہ اب تک زخمی ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار 750 سے تجاوز کر چکی ہے۔

اسرائیل کی بلاتفریق وحشیانہ بمباری میں غزہ کی نصف سے زائد رہائشی علاقے مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو چکے ہیں، غزہ میں اب تک 2 لاکھ 78 ہزار سے زائد رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، اسرائیلی حملوں میں 311 سے زائد تعلیمی مراکز اور 87 ایمبولینسیں بھی تباہ کی گئیں۔

7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر اسرائیلی بمباری کے باعث 35 میں سے 26 اسپتال مکمل طور پر بند ہوچکے ہیں جبکہ اسرائیلی افواج کی جانب سے 167 عبادت گاہوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

20 − 7 =