سیاسیات-شیعہ علما کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کا دوبارہ سر اٹھانا انتہائی تشویشناک ہے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ دہشتگردی کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائیں یہ دہشتگرد اسلام اور ملکی استحکام کے دشمن ہیں اس دھماکے اور دیگر دہشتگردی کے واقعات کے عوامل اور ماسٹر مائنڈز کو پکڑا جائے اور ان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے-
علامہ عارف حسین واحدی نے کہا کہ جب بھی ملک میں سیاسی معاشی استحکام کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جاتے ہیں تو دہشتگرد فعال ہو جاتے ہیں ملکی سالمیت اور امن و امان کو خطرے سے دوچار کرتے ہیں یہ ملک کے خلاف بڑی سازش ہے اس سازش کو نقش بر آب کرنے کے لئے ہمیں مِن حیثُ القوم ایک ہونا ہو گا ہر سازش کے مقابلے میں اپنی صفوں میں اتحاد و وحدت قائم کرنا ہوگا ملک میں انتشار اور افتراق پھیلانے والے شدت پسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا- جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ،راہنماؤں،کارکنوں اور لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔