سیاسیات- فلسطینی گروپ حماس نے مغربی ذرائع ابلاغ (میڈیا) کی ان خبروں کی تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ حماس سے مسلح افراد بچوں سمیت شہریوں کا قتل عام کررہے ہیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حماس نے کہا کہ “ہم واضح طور پر بعض مغربی میڈیا کی جانب سے من گھڑت الزامات کی تردید کرتے ہیں، مغربی میڈیا ہمارے فلسطینی عوام اور ان کی مزاحمت کے خلاف جھوٹ اور بہتان سے بھرے صہیونی بیانیہ کو غیر پیشہ ورانہ طور پر پیش کرتے ہیں، جن میں سے تازہ ترین دعویٰ بچوں کو قتل کرنے سے متعلق ہے۔
حماس نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں “بغیر تصدیق کے صہیونی بیانیہ کو اپنانے اور اس کا ساتھ دینے” پر مغربی میڈیا پر تنقید کی گئی اور “غزہ میں دن رات ہونے والے قبضے اور اسرائیلی فورسز کی جانب سے قتل عام کے جرائم” کو چھپانے کے نتائج سے خبردار کیا گیا۔
حماس نے تصدیق کی کہ “القسام بریگیڈز نے آپریشن طوفان الاقصیٰ میں اسرائیلی فوج اور سیکورٹی کے نظام کو نشانہ بنانے کے لیے کام کیا” اور انہیں “جائز اہداف” قرار دیا۔
حماس نے مغربی ذرائع ابلاغ سے مطالبہ کیا کہ وہ معروضیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو برقرار رکھیں اور اسرائیلی بیانیے کو “آنکھیں بند کر پیش نہ کرے”۔