سیاسیات-لبنان کی مقاومتی تحریک “حزب الله” کے سیکرٹری جنرل “سید حسن نصر الله” نے فلسطین کی مقاومتی تحریک “حماس” کے راہنماؤں سے ملاقات کی۔ حماس کی جانب سے ملاقات کے لئے آنے والے رہنماؤں میں “خلیل الحیہ” اور “اسامہ حمدان” تھے۔ اس ملاقات میں شریک راہنماؤں نے مزاحمتی محاذ بالخصوص غزہ کی پٹی میں استقامتی فرنٹ کی صلاحیتوں اور امکانات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حتمی کامیابی کے حصول کے لئے باہمی تعاون، استقامت اور ثابت قدمی پر زور دیا۔ واضح رہے کہ حماس کی جانب سے صیہونی رژیم کے خلاف آپریشن طوفان الاقصیٰ کے 47 دن گزرنے کے بعد آج صبح تل ابیب کابینہ نے رپورٹ دی ہے کہ حکومت نے ایسے معاہدے کے اجراء کے لئے مثبت رائے دی ہے جو غزہ سے بعض یرغمالیوں کی رہائی کی ضمانت دیتا ہے۔
دوسری جانب حماس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ خداوند متعال کے فضل و کرم سے سخت، طویل اور پیچیدہ مذاکرات کے بعد قطر اور مصر کی سنجیدہ کوششوں کے بعد غزہ میں 4 روز کی عارضی جنگ بندی عمل میں آئی ہے۔ اس معاہدے کے مطابق، 19 سال سے کم عمر 150 فلسطینی بچوں اور بچیوں کے بدلے انیس سال سے کم 50 اسرائیلی لڑکے اور لڑکیوں کو رہا کیا جائے گا۔ قابل غور بات یہ ہے کہ جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود آج صبح صیہونی فوج نے غزہ کی پٹی کے مرکز اور ہسپتالوں پر توپ حملے جاری رکھے۔ گزشتہ شب اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا جس سے 41 فلسطینی شہید اور درجنوں ملبے تلے دب گئے۔