دسمبر 7, 2024

اپنے دفاع کے لئے تیار ہیں۔ اسماعیل ہنیہ کا رفح آپریشن پر اسرائیل کو انتباہ

سیاسیات- فلسطین کی مقاومتی تحریک “حماس” کے پولیٹیکل بیورو چیف “اسماعیل ہنیه” نے کہا کہ حماس کی حمایت میں ترکیہ کے موقف پر اسرائیل کا ردعمل سیاسی گستاخی ہے۔ یہ ردعمل صیہونی قبضے کے چہرے کی نشان دہی کرتا ہے جو چاہتا ہے کہ فلسطینیوں کا قتل عام اسی طرح جاری رہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ترکش جریدے اناطولیہ سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین، غزہ اور حماس کے حوالے سے جو کچھ رجب طیب اردگان نے کہا کہ وہ ترکش عوام کے ضمیر کی آواز ہے کہ جو فلسطین کاز کو اپنا آئیڈیل اور غزہ کو انسانیت کا پیمانہ سمجھتے ہیں۔ اپنی گفتگو کے ایک حصے میں اسماعیل ہنیہ نے رفح حملے پر امریکہ کے موقف کو دھوکہ آمیز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل و امریکہ کے بچھائے جال میں نہیں پھنسیں گے۔ انہوں نے صیہونیوں کو رفح آپریشن کے حوالے سے خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر دشمن نے رفح پر حملے کا فیصلہ کر لیا ہے تو ہماری عوام امن کا پرچم بلند نہیں کرے گی بلکہ اپنے دفاع کو ترجیح دے گی۔

حماس کے پولیٹیکل بیورو چیف نے کہا کہ قابض رژیم اگر یہ سوچتی ہے کہ میرے بیٹوں اور اہل و عیال کو شہید کر کے حماس کی قیادت کو مذاکرات میں دباو کا شکار کر لے گی تو وہ فریب میں مبتلا ہے۔ انہوں نے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے میں چھپے صیہونی اہداف کی جانب بھی اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل جنگ بندی پر راضی ہوئے بغیر اپنے قیدیوں کی واپسی چاہتا ہے تا کہ اس کے بعد نئے سرے سے محاذ آرائی کر سکے مگر ایسا نہیں ہو گا۔ اسماعیل ھنیہ نے جنگ کے بعد غزہ کی پٹی میں انفراسٹرکچر کو فلسطینیوں کا عوامی حق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی ایسی عرب و اسلامی قوت کا خیر مقدم کریں گے جو قبضے کی حامی نہ ہو اور آزادی کی جنگ میں ہمارے لوگوں کی مدد کرتی ہو۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے رجب طیب اردگان کی جانب سے دورہ ترکیہ کے موقع پر اسماعیل ہنیہ کا استقبال کرنے کو شرمناک قرار دیا تھا جس پر ترکش وزارت خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے صیہونی وزیر خارجہ کے اس بیان کو مداخلت آمیز قرار دیا۔ ترکیہ نے کہا کہ ہمیں نہیں بلکہ اسرائیل کو 35 ہزار بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام پر شرمسار ہونا چاہئے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

one × two =