سیاسیات- قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ حضرت امام خمینی رضوان اللہ علیہ کی قیادت میں برپا ہونے والا انقلاب اسلامی اس خصوصیت کا حامل ہے کہ جن اہداف کے لئے برپا کیا گیا وہ پوری امت مسلمہ کو متحد و متفق کرتے ہیں، انقلاب برپا کرنے کے لئے جو طریقہ کار اختیار کیا گیا اس سے استفادہ کرکے دنیا کے دوسرے خطوں میں بھی اسی قسم کی جدوجہد کی جا سکتی ہے، جس ملک میں بھی کوشش کی جائے اور عوام کو آگاہی دی جائے تو عوام کی طرف سے مثبت تعاون سامنے آئے گا۔ انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی مناسبت سے اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی کا کہنا ہے کہ انقلاب اسلامی نے آزادی، استقلال، اسلامی تہذیب و ثقافت کے فروغ اور امت مسلمہ کے اتحاد اور استعماری و سامراجی قوتوں کے مذموم عزائم سے باخبر رکھنے میں اہم کردار ادا کیا اور آج یہ جدوجہد ایک اہم ترین موڑ میں داخل ہوچکی ہے۔
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ عالمی استعمار خائف ہوکر مختلف خطوں میں اسلامی دنیا کے خلاف نت نئی سازشوں میں مشغول ہے، انقلاب اسلامی کی کامیابی محض عارضی اور مفاداتی انقلاب نہیں بلکہ شعوری انقلاب ہے، وقت نے ثابت کردیا ہے کہ یہ انقلاب عالم اسلام اور انسانیت کا ترجمان انقلاب ہے، اخوت و وحدت کے ثمرات دنیا کے تمام ممالک میں نظر آرہے ہیں۔ علامہ ساجد نقوی نے انقلاب کی پینتالیسویں سالگرہ کے موقع پر انقلاب کو مضبوط اور اس کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانے پر رہبر انقلاب حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای مدظلہ العالی کو خراج تحسین پیش کیا۔