سیاسیات- عراق کی عوامی دفاعی فورس “الحشد الشعبی” نے امریکہ کی جانب سے بغداد میں اپنے ہیڈ کوارٹر پر ڈرون حملے پر شدید ردعمل دیا ہے۔ اس واقعے پر الحشد الشعبی نے ایک بیان جاری کیا۔ اس جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ مجرمانہ اقدام وزارت داخلہ کے تحت کام کرنے والے عراقی سکیورٹی اداروں و ملکی خود مختاری اور سلامتی پر واضح حملہ ہے۔ یہ مذموم کارروائی تمام بین الاقوامی قوانین و معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ دانستہ و خطرناک اقدام عراقی خود مختاری، قانون کی خلاف ورزی اور عراقیوں کی قربانیوں کی واضح توہین کو ظاہر کرتا ہے۔
المیادین کی رپورٹ کے مطابق، الحشد الشعبی نے عراق کی سلامتی اور عوام کے دفاع کی خاطر مسلح افواج کے کمانڈر کے حکم پر عمل کرنے کے لئے اپنی تیاری کا اعلان کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز بغداد میں الحشد الشعبی کی “12 بریگیڈ” پر امریکی عسکری اتحاد نے ڈرون حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں بغداد کے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز “الحاج ابو تقوی السعیدی” اپنے ساتھی سمیت شہید ہوگئے، جبکہ اس حملے میں دیگر چھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔