جولائی 27, 2024

اسرائیل کے فضائی حملے میں حماس کے دو اہم کمانڈر شہید

سیاسیات-اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس کے دو اہم کمانڈر اسماعیل سراج اور احد وہبی کو فضائی حملے میں شہید کردیا، صیہونی فوج کا کہنا ہے کہ دونوں کمانڈر 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے میں ملوث تھے۔

اسرائیلی ڈیفنس فورس نے شمالی غزہ میں حماس کے کمانڈ اسٹرکچر کو تباہ کرنے کے ساتھ مجموعی طور پر حماس کے 8 ہزار جنگجو مارنے دعویٰ کر دیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے خان یونس میں بھی  حملے بڑھا دیے اور فلسطینی ہلال احمر کے اسپتال کے اطراف بھی شدید گولہ باری کی، اسپتال کے پاس کھڑے نہتے فلسطینی کو گولی مار کر شہید کر دیا گیا جبکہ ڈرون طیاروں سے بھی حملے کیے گئے۔

ادھر اسرائیلی فوج کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی معصوم فلسطینیوں کے خلاف چھاپا مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب صیہونی جارحیت کے خلاف حماس کے مزاحمت کاروں کی جوابی کاروائیاں بھی جاری ہیں، غزہ میں حماس کی کارروائی کے دوران فلسطینی مزاحمت کاروں کے ہاتھوں اسرائیلی فوج کے لیفٹیننٹ کرنل روئی یوچائی یوسف مارا گیا، اسرائیلی فوج نے فوجی افسر کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

غزہ میں زمینی آپریشن شروع کرنے سے اب تک حماس کے مزاحمت کاروں کا نشانہ بن کر ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 510 ہوگئی ہے۔

ادھر لبنان کی سرحد پر اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی فوجی پوزیشنوں پر راکٹ حملے کرتے ہوئے 62 راکٹ فائر کیے گئے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ لبنان سے اسرائیل کی جانب فائر کیے گئے بیشتر راکٹ مار گرائے گئے ہیں۔

دوسری جانب امریکہ اور فرانس کی طرف سے لبنان اور اسرائیل کے درمیان مفاہمت کی کوششیں بھی تیز کردی گئی ہیں تاہم حزب اللہ نے غزہ جنگ خاتمے تک کسی بھی  قسم کی بات چیت سے صاف جواب دے دیا ہے۔

خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 22 ہزار 925 سے متجاوز ہو چکی ہے جبکہ 57 ہزار 910 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہید فلسطینیوں میں 9 ہزار 600 سے زائد بچے اور 6 ہزار 750 سے زائد خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں بھی 8 ہزار 663 بچے اور 6 ہزار 327 سے زائد خواتین شامل ہیں۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

six − three =