سیاسیات- غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی بے گھر فلسطینیوں پر بمباری نہ تھمی، 24 گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 90 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج نے 10 روز میں اقوام متحدہ کے 8 پناہ گزین اسکولوں کو نشانہ بنایا۔
سول ڈیفنس کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ وسطی غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ پر تازہ اسرائیلی حملے میں کم از کم 14 فلسطین شہید ہوئے۔
24 گھنٹے میں غزہ میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 90 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب فلسطینی گروپوں نے بھی مارٹر گولوں اور بارودی سرنگوں سے جوابی حملے کیے جس میں کئی اسرائیلی ٹینک تباہ اور کئی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر امریکہ نے امداد کی رسائی کیلئے غزہ کے ساحل پر عارضی بندرگاہ ختم کر دی۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ کے ساحل پر عارضی بندرگاہ کا میری ٹائم مشن مکمل ہوگیا،جس کے بعد عارضی بندرگاہ کی مزید ضرورت نہیں ہے۔
یاد رہے کہ7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت میں38 ہزار سے زائدفلسطینی شہید ہوگئے ہیں جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد شامل ہیں۔
فلسطینی مہاجرین کے لیے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی تنظیم انروا کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ملبے کو صاف کرنے میں 15 سال لگ سکتے ہیں۔