اکتوبر 6, 2024

اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی منظم نسل کشی کر رہا ہے۔ عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقہ کے دلائل

سیاسیات-عالمی عدالت انصاف میں جنوبی افریقہ نے اسرائیل کے خلاف فلسطینیوں کی نسل کشی کے  مقدمے میں دلائل دیے کہ اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی منظم طریقے سے نسل کشی کر رہا ہے۔

نیدر لینڈز کے شہر دی ہیگ میں واقع عالمی عدالت انصاف میں اسرائیل کے خلاف  فلسطینیوں کی نسل کشی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے دلائل میں کہا گیا کہ غزہ میں 3 مہینے میں 23 ہزار فلسطینی شہری قتل کیےگئے ہیں جس میں 70 فیصد بچے اور خواتین ہیں، نو زائیدہ بچوں کو بھی نہیں چھوڑا گیا۔

جنوبی افریقہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل اقوام متحدہ کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کا مرتکب ہے،  جن علاقوں کو اسرائیل نے خود محفوظ قرار دیا وہاں بم مارے گئے، اسپتالوں پر بمباری کی گئی۔

دلائل میں کہا گیا کہ اسرائیل نے غزہ میں امداد روک کر قحط کی صورتجال پیدا کردی ہے، 93 فیصد آبادی کو  بھوک کا سامنا ہے، اب اسرائیل کی فضائی بمباری سے بھی زیادہ غزہ میں فلسطینیوں کے بھوک  سے مرنےکا خدشہ ہے۔

جنوبی افریقہ نے عالمی عدالت انصاف سے اسرائیلی حملے فوری رُکوانے کی اپیل کی ہے۔

جنوبی افریقی وکیل کا کہنا تھا کہ غزہ کو تباہ کرنےکا منصوبہ اسرائیل کے اعلیٰ حکام کی جانب سے بنایا گیا ہے۔

اسرائیل نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا ہے، اسرائیل کی جانب سے دلائل جمعے کو پیش کیے جائیں گے۔

کیس کے حوالے سے یو این جنیوا مرکز نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کے ماہرین اسرائیل کے خلاف کیس کی سماعت کا خیرمقدم کرتے ہیں، جنوبی افریقہ نے غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کے الزامات  پرکیس دائر کیا ہے۔

یو این جنیوا مرکز کے مطابق عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ  حتمی ہوتا ہے جس پر نظر ثانی اپیل ممکن نہیں، تمام ریاستوں سے درخواست ہےکہ عالمی عدالت انصاف سے تعاون کریں۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

five + 4 =