اکتوبر 6, 2024

اسرائیلی فوج کے پناہ گزین اسکول پر حملے کے نتیجے میں مزید 22 فلسطینی شہید

سیاسیات- غزہ میں اسرائیلی فوج کے پناہ گزین اسکول پر حملے کے نتیجے میں مزید 22 فلسطینی شہید ہوگئے۔

فلسطین وزارت صحت کے مطابق ہفتے کو غزہ میں الزیتون کے علاقے میں پناہ گزین اسکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 22 افراد شہید ہوئے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

وزارت صحت نے بتایا کہ 7 اکتوبر سے جاری جنگ کے دوران یہ اسکول بند کر دیا گیا تھا جس کے بعد یہاں بے گھر افراد نے پناہ لی تھی۔

دوسری جانب اسرائیل ڈیفنس فورسز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے غزہ میں حماس کے ایک کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا جسے عسکریت پسند گروپ دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کر رہا تھا۔

ادھر حماس نے اسکولوں اور دیگر شہری مقامات کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے انکار کیا ہے۔

حماس کے زیر انتظام سرکاری میڈیا آفس نے کہا کہ الزیتون کے علاقے میں ہفتے کے روز ہونے والے حملے میں شہید ہونے والوں میں کئی بچے اور 6 خواتین شامل ہیں۔

غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بھی ان ہلاکتوں کی اطلاع دی اور مزید کہا کہ ان میں سے ایک خاتون حاملہ تھی۔

اس ماہ کے شروع میں، فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی (انروا) نے کہا تھا کہ نصیرات پناہ گزین کیمپ میں الجعونی اسکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں اس کے 6 ملازمین مارے گئے تھے۔

انروا کے مطابق7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے پانچویں بار اسکول کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری جنگ میں اسرائیلی حملوں میں 41 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

four − 1 =