سیاسیات- اسرائیل نے 7 روزہ عارضی جنگ بندی کے بعد غزہ پر دوبارہ بمباری کے علاوہ جنگ کا دائرہ خطے میں پھیلانے کی کوشش شروع کرتے ہوئے شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقے اور لبنانی سرحد پر بھی حملے کردیے۔
شامی علاقے پر اسرائیلی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے روس کا کہنا ہے کہ کہ دمشق پر اسرائیلی حملہ شام کی خودمختاری کی خلاف ورزی اورعالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
اسرائیلی حملوں میں تین لبنانی شہید
اسرائیلی افواج کی جانب سے لبنانی سرحد کوبھی نشانہ بنایا گیا جس میں 3 لبنانی شہری شہید ہوگئے، اسرائیلی حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے حزب اللہ نے بھی ایک گھنٹے میں اسرائیل پر 5 حملے کردیے۔
جنگ بندی کا خاتمہ، غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہیدوں کی تعداد 184 ہوگئی
دوسری جانب غزہ میں 7 روزہ عارضی جنگ بندی کے بعد اسرائیل افواج نے ایک بار پھر بربریت کا مظاہرہ شروع کردیا، اسرائیلی بمباری سے 3 صحافیوں سمیت 184 افراد شہید جب کہ 600 زخمی ہوگئے۔
اسرائیل نے خان یونس اور رفاح سمیت مختلف علاقوں میں 200 سے زائد مقامات پر بمباری کے علاوہ رفاح کے راستے فلسطینیوں کی امداد بھی بند کردی۔
غزہ پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں حماس نے بھی اسرائیلی شہروں پردرجنوں جوابی راکٹ حملے کیے جس کے باعث تل ابیب میں بھی سائرن بج اٹھے۔
اسرائیلی حملے میں اس کے اپنے یرغمالی مارے گئے
ادھر اسرائیلی افواج نے حملے کرکے خود اپنے ہی یرغمالی شہریوں کو بھی قتل کردیا، اسرائیل نے حماس کی قید میں موجود 6 یرغمالیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔
بفرزون بنانےکی آڑ میں اسرائیل کی جانب سے شمالی غزہ پر قبضے کی بھی کوشش شروع کردی گئی ہیں، اسرائیل کا کہنا ہے کہ عرب ممالک کو غزہ میں بفرزون بنانے کے منصوبے سے آگاہ کردیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی خان یونس کے مشرقی علاقے پر بمباری
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس کے مشرقی علاقے پر بمباری کی اور غزہ کےمغربی علاقے میں بھی بمباری کی جارہی ہے جب کہ غزہ پر اسرائیلی جاسوس طیارے نچلی پروازیں کررہے ہیں۔