سیاسیات- افغانستان کی صورتحال پر روس میں ہونے والے اجلاس کے اعلامیے میں طالبان پر زور دیا گیا ہے کہ افغانستان میں موجود تمام دہشتگرد گروپوں کے ٹھکانےختم کیے جائیں۔
ماسکو فارمیٹ کے تحت روس کے شہر کازان میں افغانستان کی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں چین، بھارت، روس، پاکستان اور افغانستان سمیت ایران کے نمائندوں نے شرکت کی۔
کازان اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ طالبان افغانستان سے تمام دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو ختم کریں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں تمام گروپوں کی نمائندہ جامع حکومت کی جلد تشکیل ہونی چاہیے اور انسانی حقوق کے ساتھ خواتین کے حقوق کا احترام بھی کیا جانا چاہیے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں افغانستان میں غیر علاقائی عناصر کی بڑھتی شمولیت پر روس نے تشویش کا اظہار کیا اور روسی نمائندہ خصوصی نے کہا کہ طالبان دہشتگرد گروہوں اور خاص طور پر داعش کا مقابلہ کرنے میں غیرمؤثر رہے۔
روسی نمائندہ خصوصی نے کہا کہ طالبان بھی افغانستان کے شدید اقتصادی مسائل کا حل تلاش کرنے میں ناکام رہے ہیں، نسلی گروہوں کی شمولیت کے بغیر افغانستان میں امن ممکن نہیں۔
ادھر اجلاس میں موجود افغان وزیرخارجہ نے کہا کہ دیگر ممالک بھی چین کی طرح اپنے سفیر کابل بھیجیں۔