جولائی 20, 2024

سعودی ولی عہد اور امریکی صدر کا ٹیلی فونک رابطہ، خطے میں استحکام کیلئے سفارتی کوششیں بڑھانے پر اتفاق

سیاسیات-سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امریکی صدرجو بائیڈن کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے اسرائیل حماس جنگ کے تناظر میں تنازعے کے  پھیلاؤ کو روکنے پر اور خطے میں استحکام کیلئے سفارتی کوششیں بڑھانے پر اتفاق کیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد نے امریکی صدر سے رابطے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کسی بھی طریقے سے سویلینز  کو نشانہ بنانے اور عام لوگوں کی زندگیوں سے متعلق انفرااسٹرکچرپر حملوں کی مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے جنگ بندی اور بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے اور دنیا کے امن کو درپیش ممکنہ خطرات کو روکنے کیلئے غزہ کے محاصرے کا خاتمہ جلد از جلد جنگ بندی ضروری ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں کی جانب سے آنے والے دنوں میں ذاتی طورپر اور اپنی ٹیموں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ میں امداد تیزی سے نہیں پہنچ رہی، امریکہ فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور وقار کے حق کیلئے پُرعزم ہے۔ حماس کے جنگجوؤں کی کارروائیاں اس حق کو نہیں چھین سکتیں۔

ادھر فرانسیسی صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے علاوہ  مغربی کنارے میں فلسطینی صدرمحمود عباس سے بھی ملاقات کی۔

فرانسیسی صدر سے ملاقات کے موقع پر فلسطینی صدر نے کہا کہ غزہ پٹی اور مغربی کنارے کے شہریوں کی جبری بیدخلی کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیل نے مسئلے کے فوجی حل کو منتخب کیا جس کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔

غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت پر قطر کے امیر کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو غیر مشروط قتل کیلئے گرین سگنل نہیں دیا جانا چاہیے، اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی میں اضافے سے دنیا کو خطرہ ہے۔

ادھر چین کے وزیر خارجہ نے اسرائیلی اور فلسطینی ہم منصبوں کو فون کرکے جنگ بندی اور تشدد کے خاتمے سمیت قیام امن پر زور دیا ہے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

three + 15 =