سیاسیات-سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ جائز حقوق کے حصول کے لیے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
فلسطین کے صدر محمود عباس سے ٹیلی فون پر گفتگو میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے غزہ میں جاری کشیدگی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کے مطالبات پورے ہونے اور منصفانہ اور جامع امن تک پہنچنے کے لیے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس سے قبل مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ غزہ میں کشیدگی کو روکنے کے لیے کوششوں پر اتفاق کیا۔ مصر کے صدارتی ترجمان کا کہنا تھا فون پر گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے فریقین کی جانب سے تحمل سے کام لینے کی ضرورت پر زور دیا۔
مصر اور سعودی عرب نے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق 2 ریاستی حل پر مبنی ایک جامع اور منصفانہ تصفیے کے حصول کے لیے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دوسری جانب نہتے فلسطینوں پر صیہونی فورسز کے حملے جاری ہیں۔ قابض اسرائیل نے غزہ کی ناکہ بندی کرکے بجلی اور خوراک کی سپلائی بند کردی ہے۔