سیاسیات- اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی غزہ میں جنگ نہ روکنے کی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات میں نیتن یاہو نے کہا کہ کوئی ایسا معاہدہ تسلیم نہیں کریں گے جس میں غزہ جنگ کا خاتمہ شامل ہو۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اگر حماس نے جنگ ختم کرنے پر اصرار کیا تو معاہدہ قبول نہیں ہوگا اور رفح پر چڑھائی کریں گے۔
دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق انٹونی بلنکن نے اسرائیلی وزیراعظم کو رفح آپریشن پر امریکی مخالفت کا بتایا اور رفح پر امریکہ کے واضح مؤقف پر زور دیا۔
امریکی وزیر خارجہ نے غزہ میں انسانی امداد میں اضافے کی اہمیت پر بھی زور دیا، بلنکن نے حماس پر بھی زور دیا کہ وہ جنگ بندی معاہدہ قبول کریں۔
اُدھر غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 34 ہزار سے زائد افراد شہید جبکہ 77 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں، شہید ہونے والوں میں بڑی تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے۔
دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی حملوں میں 400 سے زائد افراد شہید جبکہ تقریباً 5 ہزار زخمی ہوچکے ہیں۔