دسمبر 7, 2024

فلسطینیوں کا قتل عام روکنے کے لیے صیہونی حکومت کا سیاسی، سفارتی اور اقتصادی بائیکاٹ ضروری ہے۔ ایران

سیاسیات- ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے گمبیا میں او آئی سی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غزہ میں صہیونی جارحیت کی مذمت کی اور کہا کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم کسی بھی صورت قبول نہیں۔

ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے گمبیا میں اسلامی ممالک کی تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں صہیونی جارحیت کو فوری ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں فلسطینی عوام پر صہیونی حکومت کے مظالم کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔ غزہ میں صہیونی حکومت کو جرائم سے روکنے کے لئے امت مسلمہ کے درمیان اتحاد کی زیادہ ضرورت ہے۔ فلسطینیوں کے سخت ایام گزرجائیں گے لیکن ان کے بارے میں مسلمان ممالک کا رویہ تاریخ میں ہمیشہ کے لئے رقم ہوجائے گا۔

عبداللہیان نے کہا کہ غرب اردن اور غزہ میں اسرائیل کو فلسطینیوں پر مظالم اور ان کی نسل کشی سے روکنے کے لئے صہیونی حکومت کا سفارتی، سیاسی اور اقتصادی بائیکاٹ ضروری ہے۔ ہم اس حوالے سے اقدامات کرنے والے ممالک کے موقف کو سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے موجودہ حالات نے ثابت کردیا کہ صہیونیوں کے غاصبانہ قبضے کے خلاف مزاحمت اور مقاومت ہی بہترین راہ حل ہے۔ صہیونی نسل پرست حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا دائرہ عالمی سطح پر پھیل چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور یورپ میں تعلیمی اداروں میں طلباء کے ساتھ پولیس کے بہیمانہ سلوک سے دنیا پر واضح ہوگیا کہ مغرب کا آزادی بیان کا دعوی اندر سے کھوکھلا ہے۔ دنیا نے اپنی آنکھوں سے مغرب کا منافقانہ رویہ مشاہدہ کرلیا ہے۔

عالمی ممالک مخصوصا مسلم دنیا مطالبہ کرتی ہے کہ غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کی جائے۔ غزہ کا محاصرہ مکمل طور پر ختم کیا جائے اور قیدیوں کا تبادلہ کیا جائے۔

ایرانی وزیرخارجہ نے مطالبہ کیا کہ صہیونی حکومت پر مکمل اقتصادی پابندی عائد کی جائے۔ صہیونی حکومت کے خلاف عالمی عدالت میں مقدمے کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک کو باہمی اتحاد کے ساتھ پیشرفت اور ترقی کے لئے انسانی وسائل، ٹیکنالوجی اور بنیادی انفراسٹرکچر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے مسلمان ممالک کے اندر موجود صلاحیتوں سے بخوبی استفادہ کرنا ضروری ہے۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

thirteen − four =