سیاسیات- روس کے صدر کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف منصوبوں بالخصوص راہداری اور توانائی کے شعبے میں عمل درآمد پر زور دیا۔
اسلامی جمہوریہ ایران اور روسی فیڈریشن کے صدور نے جمعرات کی شام ٹیلی فونک بات چیت میں دونوں ممالک کے درمیان تازہ ترین تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے شیراز میں حضرت شاہ چراغ (ع) کے روضہ مبارک پر ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ایران کی حکومت، عوام اور اس دہشت گردی کے متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
صدر پیوٹن نے اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے درمیان دوطرفہ تعاون بالخصوص توانائی، ٹرانزٹ اور تجارت کے شعبوں میں جاری تعاون کو متحرک اور حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے اسے علاقائی سطح کے فریم ورک تک بڑھانے کے لیے اپنے ملک کی تیاری اور دلچسپی کا اظہار کیا۔
حجۃ الاسلام سید ابراہیم رئیسی نے حالیہ دہشت گردانہ حملے پر روس کے صدر کی ہمدردی پر شکریہ ادا کیا اور اس طرح کے مجرمانہ اقدامات کو دہشت گردوں اور ان کے آقاؤں، ایرانی قوم کے دشمنوں اور بدخواہوں کی مایوسی، شکست اور عوامی نفرت میں اضافے کی علامت قرار دیا۔
صدر رئیسی نے مختلف منصوبوں میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے بالخصوص راہداری اور توانائی کے شعبوں میں عمل درآمد پر زور دیا۔ کریملن نے آج ایک بیان میں یہ بھی اعلان کیا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے جمعرات کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ساتھ فون پر بات کی اور دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کے لیے تشویش کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔
کریملن کے بیان کے مطابق اس ٹیلی فونک گفتگو میں تجارت، توانائی، نقل و حمل، لاجسٹکس اور ماحولیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی اور ایرانی صدر نے 24 جون (واگنر گروپ کی ناکام بغاوت) کے واقعات کے حوالے سے روسی قیادت کی مکمل حمایت کا بھی اظہار کیا۔ مذکورہ بیان میں مزید کہا گیا ہے: پیوٹن اور رئیسی کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت میں تجارت، توانائی اور نقل و حمل کے شعبوں میں موجودہ معاہدوں کے عملی نفاذ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے باہمی فائدہ مند تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان کثیرالجہتی تعاون کے رابطے جاری رہیں گے۔
یہ ٹیلی فونک گفتگو ایسے وقت میں ہوئی ہے جب روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زاخارووا نے ماسکو اور تہران کے درمیان تعاون کے ایک نئے معاہدے کے مسودے پر کام جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔