سیاسیات- ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان عنقریب میں سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے ہفتہ وار پریس کانفرنس میں بتایا کہ امیرعبداللہیان کے سعودی عرب کے دورے میں اقتصادی تعلقات سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اگرچہ کنعانی نے دورے کی صحیح تاریخ کا انکشاف نہیں کیا، لیکن ایران سے تعلق رکھنے والی نیوز ویب سائٹ ایران کنٹس نے ہفتے کے روز خبر دی تھی کہ امیر عبداللہیان 17 اگست کو ریاض روانہ ہونے والے ہیں۔
سعودی عرب اور ایران نے مارچ میں چین کی ثالثی میں سفارتی تعلقات بحال کرنے کے معاہدے کا اعلان کیا تھا اور دونوں ملکوں کے درمیان سات سال کے بعد تعلقات بحال ہوئے تھے۔
جون میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے تہران کا تاریخی دورہ کیا تھا، جہاں انھوں نے حسین امیر عبداللہیان اور صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی تھی۔
کنعانی نے کہا کہ اگرچہ صدر ابراہیم رئیسی کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی تھی، لیکن ابھی اس کی خاص تاریخ کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور ’مناسب وقت‘ پر اس کا تعین کیا جائے گا۔
انھوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات قدم بہ قدم آگے بڑھ رہے ہیں۔