نومبر 22, 2024

ابھی بھی صرف کھیلنا ہے۔۔۔۔؟

تحریر: عمر فاروق

 

سابق وزیراعظم عمران خان نے برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ میں جس پاکستان کی قیادت کرنا چاہتا ہوں اس کے سب کے ساتھ بالخصوص امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات ہونے چاہئیں۔اپنی حکومت گرائے جانے میں امریکی سازش سے متعلق سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ جہاں تک میرا تعلق ہے تو یہ معاملہ اب ختم ہوچکا، اب یہ بات میں نے پس پشت ڈال دی ہے۔عمران خان نے مزید کہا کہ امریکا سے ہمارے تعلقات آقا اور غلام یا آقا اور نوکر جیسے رہے ہیں، اور ہمیں کرائے کی بندوق کے طور پر استعمال کیا گیا لیکن اس پر میں امریکا سے زیادہ اپنی حکومتوں کو ذمے دار سمجھتا ہوں۔انٹرویو میں عمران خان نے اعتراف کیا کہ رواں سال فروری میں یوکرین کے حملے سے ایک دن قبل ان کا دورہ روس شرمندگی کا باعث بنا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس دورے کا اہتمام مہینوں پہلے کیا گیا تھا۔

یوں امریکہ کے خلاف جہادسات ماہ بھی نہیں چل سکا،حقیقی آزادی کاسفراپنے اختتام کوپہنچا،رجیم چینج اورامریکی غلامی کے نعرے بھی تمام ہوئے ،اس سال 27مارچ کوپریڈگرائونڈاسلام آبادمیں کاغذکے ایک ٹکڑے سے شروع ہونے والاسفرزمان پارک لاہورمیں ایک انٹرویوپرمکمل ہوا۔امریکی سائفراورسازش ٹرک کی بتی ثابت ہوئے۔ عمران خان نے اپنے ماننے والوں کو،،امریکی سازش ،،کے پیچھے لگاکراچانک یوٹرن لے لیاہے ۔مگرحیرت ہے کہ کسی یوتھیے میں اتنی غیرت بھی نہیں جاگی کہ وہ عمران خان سے پوچھ سکے کہ سات ماہ یہ اودھم کیوں مچائے رکھا ۔؟

تحریک انصاف کاکوئی ذی شعوراورصاحب عقل ودانش (اگرچہ ایساکوئی فردموجود نہیں )نہیں جوسوال کرسکے کہ خان صاحب آج اچانک ایساکیاہوگیاہے کہ آپ امریکی مخالفت کے بیانیے سے دستبردارہوگئے ہیں ؟کیاامریکہ نے سازشی سائفرواپس لے لیاہے ۔کیاامریکہ نے اس سازش یامداخلت پرمعافی مانگ لی ہے ؟اچانک خان صاحب آپ کو ایسا کیاالہام ہواہے کہ امریکہ سے پیارکی پینگیں بڑھانے لگے ہیں ؟امریکی سازش جس کے تحت آپ کی بہت ہی مضبوط ،مستحکم اورانقلابی حکومت ختم کی گئی تھی اس کے متعلق آپ نے فرمایاکہ جہاں تک میرا تعلق ہے تو یہ معاملہ اب ختم ہوچکا، اب یہ بات میں نے پس پشت ڈال دی ہے۔سوال یہ ہے کہ یہ معاملہ اچانک کیسے ختم ہوگیا اس کی کچھ توضاحت کریں نا۔

خان صاحب آپ نے یہ بات پس پشت ڈال دی ہے مگراس جھوٹ کے ذریعے آپ نے جوزہرقوم کے ذہنوں میں گھولاہے اس کاکیابنے گا ؟ آپ بتاناپسندکریں گے کہ آپ کے اس بیانیئے سے ملک کاجونقصان ہوا۔ریاست کوجوخمیازہ بھگتناپڑاہے اس کاازالہ کون کرے گا ؟خارجہ پالیسی کی جوایسی تیسی پھیری گئی اس کاکیاہو گا ؟خان صاحب کیاآپ نے پوری قوم کواپنایوتھیاسمجھ رکھاہے جوسوچنے سمجھنے سے عاری مخلوق ہے ۔جویہ بھی نہیں پوچھے گی کہ آپ نے اپنے سیاسی مفادات کے لیے ملکی مفادکیوں دائوپرلگایا؟جوسوال نہیں اٹھائے گی کہ جھوٹ پریہ عمارت کیوں کرقائم کی گئی ؟ابھی تک تو اس سائفراورامریکی سازش کی تحقیقات بھی نہیں ہوئیں اورآپ نے یوٹرن لے لیا؟کیوں آخرایسی کیاافتادآن پڑی ہے ۔

قوم آپ کے جواب کی منتظرہے کہ اگر آپ امریکی سازش کی تھیوری سے دستبردارہوگئے ہیں توکیاآپ اس سازش کی تحقیقات سے بھی پیچھے ہٹ گئے ہیں ؟اگرآپ تحقیقات کے مطالبہ پرابھی بھی قائم ہیں تواگرتحقیقات میں امریکی سازش ثابت ہوجاتی ہے توپھرآپ کارویہ کیاہوگا؟یااس تحقیق کوبھی پس پشت ڈال دیں گے ؟۔اگرتحقیقات میں یہ سازش ثابت نہیں ہوتی توآپ اس جھوٹ بولنے اورقوم کوگمراہ کرنے پرمعافی مانگیں گے یاحسب معمول یوتھیوں کوالوبنانے کی مشق جاری رکھیں گے ؟لگے ہاتھوں یہ بھی بتادیتے توکیاہی اچھاہوتاکہ یہ مداخلت تھی یاسازش۔یاصرف خارش۔۔۔؟

امریکی سازش کے متعلق جب وفاقی حکومت ،عسکری ادارے ،تجزیہ نگاروں ،صحافیوں،سفارتکاروں نے کہاکہ ایسی کوئی سازش نہیں ہوئی توآپ نے انہیں جھٹلادیا۔آپ کی آڈیولیکس سے ظاہرہواکہ جس میں آپ فرمارہے ہیں کہ ،،صرف کھیلناہے ،،ہے۔ توسوال یہ ہے کہ یہ کھیل اب ختم ہوگیاہے ۔ اس کھیل میں آپ ،،آئوٹ ،،ہوگئے ہیں یاامریکہ نے ،،چھکا،،ماردیاہے ۔ خان صاحب یہ بھی توبتائیں کہ امریکہ آئندہ کے لیے بھی ایسی کسی سازش سے توبہ تائب ہوگیاہے یاپھربھی وہ ایسی حرکت کرے گا ؟اگرامریکہ پھرایسی حرکت کرتاہے توپھرآپ کاردعمل کیاہوگا ؟

آپ نے فرمایاہے کہ امریکا سے ہمارے تعلقات آقا اور غلام یا آقا اور نوکر جیسے رہے ہیں، اور ہمیں کرائے کی بندوق کے طور پر استعمال کیا گیا لیکن اس پر میں امریکا سے زیادہ اپنی حکومتوں کو ذمے دار سمجھتا ہوں۔سوال یہ ہے کہ اب امریکہ سے ہمارے تعلقات برابری کی سطح پرقائم ہوچکے ہیں ؟آقااورغلام والامعاملہ ختم ہوگیاہے ۔کیا امریکہ نے ہمیں غلاموں کی فہرست سے نکال دیاہے ؟سوال یہ ہے کہ اب امریکی غلامی سے آزادی کے نعرے کاکیابنے گا ؟کیایہ نعرہ بھی آ پ کے ضمیرکی طرح اپنی موت آپ مرچکاہے یا اس نعرے پربھی ابھی صرف کھیلناہے ؟

قوم کویہ بھی پتہ لگناچاھیے کہ ساڑھے تین سال سے زائدعرصہ آپ کی حکومت رہی توآپ بھی امریکہ کے لیے کرائے کی بندوق کے طورپراستعمال ہوتے رہے ہیں ؟اس بات کی کیاگارنٹی ہے کہ آئندہ اگرآپ کوحکومت ملتی ہے(جوکہ مشکل ہے ) توآپ کرائے کی بندوق نہیں بنیں گے ؟حالانکہ آپ اس وقت بھی کرائے کی بندوق کے طورپرہی استعمال ہورہے ہیں ۔بلکہ کرائے کا میزائل بنے ہوئے ہیں ۔غیروں کے آلہ کاربن کرملک اورملکی اداروں کے خلاف پروپیگنڈہ کررہے ہیں ۔

خان صاحب یہ بھی توبتائیں کہ آپ نے اس غلامی کے خلاف حقیقی آزادی کی جو جنگ(جہاد) شروع کی تھی وہ جنگ ختم ہوگئی ہے یاابھی جاری ہے ؟اس جنگ میں آپ کی ٹانگ کونشانہ بنایاگیاآپ زخمی ہوکر،غازی،، بنے ہیں اس جنگ میں کتنے امریکی ،،مردار،،یازخمی ہوئے ہیں ؟ آپ نے فرمایاتھا کہ امریکی سفارتکار ڈونلڈ لو نے باقاعدہ دھمکی دے کر کہا تھا کہ اگر عمران خان کی حکومت ختم نہ ہوئی تو اس کے نتائج ہوں گے۔اپ نے یہ نہیں بتایا کہ ڈونلڈلوکو معافی مل گئی ہے یاوہ ابھی بھی مجرم ہے ؟اگروہ ابھی بھی مجرم ہے توآپ اس کے ساتھ کیابرتائوکریں گے ؟آپ یاآپ کے کارکن اس کواس ،،گستاخی ،،کی سزادیں گے ؟اوراگرسزادیں گے تووہ سزاکیاہوگی ۔۔؟

خان صاحب آپ پہلے دن سے یہ جانتے تھے کہ امریکی سازش کابیانیہ جھوٹ تھا مگرآپ پھربھی آپ اوراپ کے ماننے والے منظم جھوٹ بولتے رہے پروپیگنڈہ کرتے رہے ۔آخرکیوں ؟ یہ سب کیا تھا۔ کیوں تھا۔ کس لئے تھا۔ کیوں عوام کو بیوقوف بنایا جا رہا تھا۔ بات تب غلط تھی یا اب؟۔ گزشتہ چھ سات ماہ میں عمران خان نے امریکہ کو پاکستان میں ہر مصیبت کا ذمہ دار ٹھہرایا آج امریکہ کومعصوم قراردے دیا۔آج آپ نے امریکہ کو کلین چٹ کیوں اور کیسے دے دی ۔؟چلیں آپ نے امریکہ کومعاف کردیاہے آپ کی مہربانی ۔۔سوال یہ ہے کہ آپ پی ڈی ایم کی حکومت کوبھی معاف کریں گے ؟انہیں بھی رجیم چیینج اورغلامی کے طعنوں سے آزادکریں گے ؟یاوفاقی حکومت ابھی بھی کٹہرے میں ہے ؟

آپ سات ماہ یہ کہتے رہے کہ ان کو دورہ روس کی سزا دی گئی ۔ اب آپ نے فرمایاہے کہ یوکرین کے حملے سے ایک دن قبل ان کا دورہ روس غلطی تھی۔خان صاحب اس دورے کوتوآپ کیش کرواتے رہے اورآپ اپنی خارجہ پالیسی کی معراج قراردیتے رہے۔پی ڈی ایم کی حکومت کوروس سے سستاتیل نہ خریدنے کے طعنے دیتے رہے ،انہیں مطعون کرتے رہے اب آپ کواحساس ہواکہ آپ نے یہ دورہ کرکے غلطی کی ہے توسوال یہ ہے کہ آپ نے موجودہ حکومت کے خلاف جوجھوٹاپروپیگنڈہ کیااس پربھی معافی مانگیں گے ؟اس حوالے سے بھی یوٹرن لیں گے ؟کیاابھی بھی آپ اپنے اس مطالبے پرقائم ہیں کہ روس سے سستاتیل خریداجائے (وزیرخزانہ اسحق ڈاراس کااشارہ بھی دے چکے ہیں )یااب آپ امریکہ کی ناراضگی کاخطرہ مول نہیں لیں گے ؟

سوال تویہ بھی ہے کہ امریکی سازش کے بیانیے سے یوٹرن ان لابنگ فرم کی ایماء پرکیاگیاہے جن کوآپ نے امریکہ سے تعلقات بہتربنانے کے لیے بھاری معاوضوں کے عوض کے ہائرکیاتھا یاپھر،،برطانوی سسرالیوں ،،نے کوئی اشارہ دیاہے ۔؟قوم حقیقت جانناچاہتی ہے ایسانہیں ہوسکتاکہ ہمیشہ کی طرح آپ جھوٹ بول کریایوٹرن لے کرپتلی گلی سے نکل جائیں ۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں اورعمران خان کایہ کہناہے کہ فنانشل ٹائمزکاانٹرویوتروڑمروڑکرپیش کیاگیااگرواقعی ایساہی ہے توپھر آپ اگلے جلسے میں امریکی سائفرپھرلہرائیں گے ۔امریکی سازش کے بیانیے کودوبارہ دہرائیں گے ؟اوراپنے سابقہ مئوقف کااعادہ کریں گے یاابھی بھی صرف کھیلناہے ۔۔۔۔۔؟

 

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

14 − 4 =