دسمبر 29, 2024

مجرموں کو قرار واقعی سزا ملے گی۔ وزیر اعظم کی فضل الرحمن سے گفتگو

سیاسیات-وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ دھماکے کے بعد جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کو ٹیلیفون کیا۔

وزیراعظم نے باجوڑ میں جے یو آئی کے ورکرز کنونشن میں دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ قیمتی جانی نقصان پر دلی افسوس ہے، آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجرموں کو قرار واقعی سزا ملے گی، دہشت گردی کا خاتمہ پوری قوم کا عہد ہے۔

شہباز شریف نے گفتگو میں کہا کہ متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے۔

وزیراعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی، اہل خانہ کیلئے صبراور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

شہباز شریف نے چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس خیبرپختونخوا سے بھی ٹیلی فون پر گفتگو کی اور دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔

انہوں نے شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے دیگر اسپتالوں میں منتقلی، واقعے کی تحقیقات اور ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن کی بھی ہدایت کی۔

بعدازاں اپنی ٹوئٹ میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ باجوڑ حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، سیاسی جماعتوں پر حملے سے واضح ہے کہ دشمن پاکستان میں جمہوری نظام کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی، دشمن کے ایسے ہتھکنڈوں کو قوم، قانون نافذ کرنے والے ادارے کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ پوری قوم شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے، فضل الرحمان سے گفتگو میں نہ صرف تعزیت کی بلکہ واقعے کی تفصیلات کے بارے میں بھی پوچھا۔

خیال رہے کہ باجوڑ کے صدر مقام خار میں جمعیت علمائے اسلام کے ورکرز کنونشن میں ہونے والے دھماکے میں اب تک 40 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 150 سے زائد ہے۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبرپختونخوا نے دھماکہ خودکش قرار دیا۔

Facebook
Twitter
Telegram
WhatsApp
Email

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

20 − eight =