سیاسیات- وزیر توانائی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی موجودگی تک نواز شریف کے کیسز حل ہونے مشکل ہیں۔
وائس آف امریکہ کو دیے گئے انٹرویو میں خرم دستگیر نے کہا کہ الیکشن کی حد تک بہت پُرامید ہوں کہ اب جبکہ وسائل بھی مہیا ہیں، تحفظ بھی موجود ہے اور ہم سب چاہتے ہیں کہ عوام سے رجوع کیا جائے تو موسم خزاں میں انتخابات ہوجائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے تجربے کو دیکھتے ہوئے انتخابی اصلاحات کی گئی ہیں اور اب الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے وہ انتخابات کو شفاف بنائے۔
خرم دستگیر خان کہتے ہیں کہ موجودہ چیف جسٹس کی مسلم لیگ ن کے حوالے سے جانب داری کے بارے میں صرف قیاس نہیں بلکہ واضح نمونے موجود ہیں اور جب تک وہ عہدے پر موجودہ ہیں مشکل ہے کہ نواز شریف کو انصاف مل سکے۔
انہوں ںے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے کوئی سیاسی رکاوٹ باقی نہیں البتہ عدالتی مقدمات ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے عام انتخابات کے لیے سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔