سیاسیات- یورپی یونین نے یوکرین کے خلاف روس کی جارحانہ جنگ اور شامی نظام کی فوجی معاونت پر ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یورپی یونین نےایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے ایران کے خلاف ’’پابندیوں کے اقدامات کے لیے ایک نیا فریم ورک‘‘قائم کیا ہے۔اس نئے فریم ورک کے تحت یورپی یونین کے رکن ممالک سے ایران کو بغیر پائلٹ فضائی گاڑیوں (یو اے وی) کی تیاری اور پیداوار میں استعمال ہونے والے اجزاء کی برآمد پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یورپی کونسل نے یوکرین کے خلاف روس کی جارحیت کی جنگ میں ڈرونز اور شامی حکومت کی فضائی دفاعی نظام کے ذریعے مدد پر چھے ایرانی افراد کو پہلے سے موجود پابندیوں کی دو فہرستوں میں شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔