سیاسیات- وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے موبائل فونز کی عارضی رجسٹریشن سسٹم کا افتتاح کردیا، اوورسیز پاکستانی وطن آمد پر دو ماہ سے زائد قیام پر فون عارضی رجسٹرڈ کراکر اسے بلاک ہونے سے بچاسکیں گے۔
وزیراعظم نے اس حوالے سے ’’آن لائن ٹمپریری موبائل رجسٹریشن سسٹم فار اوورسیز پاکستانی‘‘ کا افتتاح اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔ تقریب میں پی ٹی اے، آئی ٹی، شعبہ اوورسیز پاکستانی سمیت دیگر متعلقہ وزارتوں کے حکام موجود تھے۔ یہ سہولت اوورسیز پاکستانیوں کی نشاندہی پر فراہم کی گئی ہے جس کے ذریعے وطن میں عارضی قیام کرنے پر اوورسیز پاکستانیوں کو فون رجسٹرڈ کرانے کے لیے 60 دن کے بجائے 120 دن کی سہولت دی جائے گی۔
اس سہولت کے لیے انہیں عارضی رجسٹریشن کراکے بتانا ہوگا کہ ان کا وطن میں قیام عارضی ہوگا بصورت دیگر مدت پوری ہونے پر موبائل فون آئی ایم ای آئی کی رجسٹریشن اور ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
دریں اثنا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خود کار نظام آئی ایم ای آئی کو پاکستان کے عارضی دورے کرنے والے پاکستانی اور غیرملکی افراد کے موبائل فون بلاک ہونے سے بچائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی اگر عارضی طور پر کچھ عرصے کے لیے وطن واپس آئیں گے تو اس ںظام میں موبائل فونز کی رجسٹریشن کے بعد دو ماہ کے اندر ان کا موبائل فون بلاک نہیں ہوگا، آن لائن رجسٹریشن سسٹم پر متعلقہ حکام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ موبائل فون پر ٹیکس میں کمی کے معاملے پر تمام شراکت داروں کو بات کرنی ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو یہ سہولت گھر بیٹھے حاصل ہوگی، ان کے دو ماہ سے زائد قیام کی صورت میں ان کے موبائل فون کی رجسٹریشن میں توسیع ہوسکے گی، اگر انہیں دو ماہ سے زائد کی توسیع درکار ہے تو انہیں آسانی کے ساتھ ملنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیار غیر میں رہنے والے پاکستانی جب وطن واپس آئیں تو انہیں سہولیات دی جانی چاہیے، انہیں ایک نان فنانشنل پیکیج کے تحت سہولیات دینے کے لیے ہم جلد منصوبے کا اعلان کریں گے۔
One Response
Ok