سیاسیات- جموں و کشمیر اتحاد المسلمین کے صدر اور ممتاز مذہبی رہنما مولانا مسرور عباس انصاری نے بالہامہ کشمیر میں پیش آئے سانحہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حسینیہ یا عزاء خانہ کو سیاست کے لئے استعمال کرنا اور اس مقدس مقام میں سکرین لگا کر مودی اور ’جے شری رام‘ کے نعرے لگانا ایک بہت بڑا المیہ ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سراسر امام بارگاہ کی توہین ہے اور اس طرح کا افسوسناک حربہ شرپسندوں کی جانب سے آزمانا ناقابل برداشت ہے۔ مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ ایک طرف سے مسلمان کشمیر سفیر حضرت امام حسین علیہ السلام کا یوم شہادت اور یوم عرفہ منانے میں مصروف تھے دوسری جانب شر پسند ٹولہ نے امام بارگاہ میں سکرین لگا کر غیر شرعی اور غیر اخلاقی حرکت انجام دے کر مسلمانوں خصوصاً ملت تشیع کے جذبات مجروح کردئے۔ مولانا مسرور عباس نے کہا کہ امام بارگاہ آئمہ اطہار سے منسوب ہے اور ان میں کسی کو گندی سیاست کرنے یا توہین کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی بلکہ ان کے تقدس کے تحفظ کے لئے شیعیان کشمیر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے شرپسندوں کے خلاف سخت کاروائی کریں جنہوں نے امام بارگاہ کی بے حرمتی کرکے انتشار پھیلانے کی کوشش کی ہے۔
