سیاسیات-قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے عید الاضحی کے موقع پر مسلمانان عالم کو مبارکباد پیش کی اور کہا ہے کہ عید الاضحی کا بنیادی فلسفہ ہی قربانی، ایثار اور خلوص پر مبنی ہے، اگر عید الاضحی سے قربانی کا تصور اور فلسفہ نکال دیا جائے تو پھر عید الاضحی کا مفہوم بے معنی ہوجاتا ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ عیدالاضحی اور قربانی کا سبق نہایت واضح ہے، اس کے مطابق رسم قربانی بھرپور طریقے سے ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ذاتی اور گروہی خواہشات اور مفادات کی قربانی بھرپور طریقے سے پیش کرنے کی کوشش کی جائے جس سے آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی قائم ہو، عادلانہ نظام قائم، اچھا معاشرہ کی تشکیل ہو، بین الاقومی سطح پر آزاد اور خودمختار قوم کی حیثیت ہو۔ انہوں نے کہا کہ عید قربان کے فلسفہ پر عمل پیرا ہوکر اُمت مسلمہ کے اتحاد اور ترقی میں رکاوٹ بننے والے عوامل، بحرانوں، چیلنجز اور مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ علامہ اقبال نے خوب کہا کہ
غریب و سادہ و رنگیں ہے داستان حرم
نہایت اس کی حسینؑ ابتداء ہے اسماعیلؑ