سیاسیات- وفاق المدارس الشیعہ کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے حکومت کی طرف سے وفاقی شرعی عدالت کے سودی نظام کے خاتمے کے فیصلے کیخلاف اپیلیں واپس لینے کے اقدام کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سودی نظام اللہ اور رسول کیخلاف جنگ کے مترادف ہے۔ اسلامی نظام بینکاری سے اللہ اور اس کے رسول سے جنگ ختم ہوگی اور اطاعت قرآن شروع ہو جائے گی۔ یہ قوم کیلئے خوشخبری کے مترادف ہے۔ اسلامی نظام بینکاری کے نفاذ کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سودی نظام، معیشت کی تباہی کا باعث ہے۔ اسلامی بینکاری سے شراکت داری کا نظام قائم ہوگا، جس میں نفع و نقصان کی بنیاد پر نظام معیشت چلے گا۔ سود کے نام پر جو حرام کھلایا جا رہا تھا، اس سے عوام بچیں گے اور حلال کھائیں گے۔ اب حکومت کو اسلامی بینکاری کے نفاذ کیلئے عملی اقدامات کرنے چاہیں، جس کے لئے وفاق المدارس الشیعہ پاکستان بھی اپنی خدمات پیش کرنے کو تیار ہے۔