سیاسیات- افتتاحی تقریب میں سعودی عرب اور ایران کے دفاتر خارجہ کے نمائندے اور متعدد ملکوں کے سفرا موجود تھے۔
ایران اور سعودی عرب کے درمیان چین کی ثالثی میں تعلقات کی بحالی پر اتفاق ہونے کے تین مہینے بعد ریاض میں ایرانی سفارت خانے کا باقاعدہ افتتاح ہوگیا ہے۔
اس سے پہلے ایرانی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں تصدیق کی تھی کہ منگل کو سعودی عرب میں ایرانی سفارت خانے کا افتتاح ہوگا۔
ترجمان ناصر کنعانی نے کہا تھا کہ ریاض میں ایرانی سفارت خانہ، جدہ میں قونصل خانہ اور او آئی سی کے لئے باقاعدہ نمائندے کی تعییناتی کا عمل منگل اور بدھ کو مکمل ہوگا۔
یاد رہے کہ ایران نے اعلی سفارتکار علی رضا عنایتی کو سعودی عرب میں سفیر بنانے کا اعلان کیا تھا۔ رواں ماہ میں ایرانی اعلی سفارتی وفد نے سفارتی مشن کے افتتاح کے سلسلے میں ریاض کا دورہ کیا تھا۔ اس سے پہلے سعودی عرب کا ایک وفد بھی اسی لئے سلسلے میں تہران کا دورہ کرچکا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’معاہدے پر عملدرآمد کے لیے ریاض میں ایرانی سفارتخانہ، جدہ میں قونصلیٹ اور اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) کے دفتر کو باضابطہ طور پر منگل 6 جون اور بدھ 7 جون کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔‘
سفارتی مشن ایرانی سفیر علی رضا عنایتی کی سربراہی میں کام شروع کررہا ہے جو اس سے قبل کویت میں ایران کے سفیر رہ چکے ہیں۔