سیاسیات- شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے یوم القدس کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم القدس یوم اسلام ہے یہ امت کی وحدت کا دن ہے قدس اور فلسطین کی آزادی کے لئے مسلسل جدوجہد کرنا ہمارے اوپر فرض ہے حضرت علی علیہ السلام کا ارشاد گرامی ہے کہ ظالم کے دشمن اور مظلوم کے حامی بن کر رہو-مسلمانوں کا قبلہ اول صیہونزم کے خونی پنجے میں سسک رہا ہے اور میرے فلسطینی بہن بھائی اسرائیلی درندگی کا شکار ہیں-آئے روز وہ درندے بیت المقدس کا تقدس پامال کر رہے ہیں یہ امت مسلمہ کی غیرت کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے-
امام خمینی رہ نے جمعۃ الوداع کے دن روز قدس کا اعلان کر کے قدس کو امت کے اتحاد کا محور بنا دیا آج رہبر معظم انقلاب کے حکم پر پوری دنیا میں اور قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر پورے پاکستان میں قدس اور فلسطین کی حمایت میں لاکھوں لوگ احتجاج کرتے ہوئے فلسطین کی فتح اور اسرائیل کی شکست کااعلان کر رہے ہیں-ہم انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو متوجہ کرتے ہیں کہ فلسطین اور کشمیر مظلوم خطے ہیں جن کے اصل باسیوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے اور عالمی سامراجی طاقتوں کی آشیر باد پر یہ ظلم ہو رہا ہے فوری طور پر نوٹس لیا جائے-
علامہ عارف واحدی نے کہا کہ ہم حکومت کو متوجہ کرتے ہیں کہ یہ روز قدس کی ریلی اسرائیلی بربریت کے خلاف اور فلسطینی مظلوموں کی حمایت میں ہے اس پر لاٹھی چارج کرنے کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس نہتے لوگوں پر لاٹھی چارج کرنے والوں کی نشاندہی کر کے انکو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے-
علامہ شبیر حسن میثمی،علامہ کوثر عباس قمی، علامہ قاسم جعفری، علامہ فرحت عباس جوادی، علامہ وزیر کاظمی، جناب سید سکندر عباس گیلانی اور دیگران نے بھی خطاب کیا-